
بڑے کسانوں کو انکم ٹیکس کے دائرے میں لانے پر غور نہیں:مرکز
نئی دہلی ،22دسمبر :حکومت نے واضح کیا کہ ملک کے بڑے کسانوں کو انکم ٹیکس کے دائرے میں لانے کا اس کا کوئی خیال نہیں ہے۔لوک سبھا میں وریندر کشیپ کے ایک سوال کے تحریری جواب میں ریاستی وزیر شیو پرتاپ شکلا نے بتایا کہ بڑے کسانوں کو انکم ٹیکس کے دائرے میں لانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ایکٹ، 1961کے تحت زرعی آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا اور زراعت ریاست کا موضوع ہے۔انہوں نے کہا کہ پارتھ سارتھی شوم کی صدارت والے انتظامیہ ریفارم کمیشن نے 2014 میں 50 لاکھ روپے آمدنی والے بڑے کسانوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کی سفارش کی تھی، لیکن سفارشات کو قبول نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ زراعت کی بنیاد پر کمپنیوں سمیت کسی شخص کو ہونے والی آمدنی ٹیکس کے تابع نہیں ہوگی۔