تلنگانہ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں گراوٹ سے کسانوں کو تشویش

حیدرآباد 26دسمبر(یواین آئی )تلنگانہ کے مختلف مقامات پر ٹماٹر کی قیمتوں میں اچانک گراوٹ ہوگئی ہے۔باورچی خانہ کی اس اہم شئے کی قیمتوں میں اچانک کمی سے کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ تقریبا ایک ماہ پہلے اس کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا تھا ۔
شہر حیدرآباد میں فی کلو ٹماٹر دس روپئے کے حساب سے فروخت ہورہا ہے اور شہر کی سبزی مارکٹس میں بڑے پیمانہ پر ٹماٹر دیکھنے میں آرہے ہیں۔عوام کاکہنا ہے کہ اچانک اس کی قیمتوں میں گراوٹ ہوگئی ہے کیونکہ تقریبا ایک ماہ پہلے یہ ٹماٹر 40تا 70روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہاتھا۔ ٹماٹر کی اضافی قیمت نے ان کے چہرے لال کردیئے تھے تاہم اس کی قیمتوں میں اچانک گراوٹ ہوگئی ہے۔اس گراوٹ سے جہاں عام آدمی کو کچھ راحت نصیب ہوئی ہے تو دوسری طرف کسانوں پر اس کا منفی اثر دیکھنے میں آرہا ہے۔
شہر حیدرآباد کی میرعالم منڈی کے ساتھ ساتھ رعیتو بازار فلک نما اور دیگر مقامات کی سبزی منڈیوں میں بھی ٹماٹر 10تا 12روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹماٹر کی پیداور میں اضافہ ہونے کے سبب اس کی قیمت میں گراوٹ ہوگئی ہے۔بعض مقامات پر کسان دو روپئے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ اس کی قیمت میں گراوٹ درمیانی افراد کے سبب ہوئی ہے جنہوں نے اچانک قیمت میں گراوٹ کردی ہے۔
کسانوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسی طرح کی صورتحال برقرار رہی تو ان کو کافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔کسانوں نے ان کی پیداوار پر اقل ترین قیمت کی فراہمی کے لئے حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔کسانوں نے کہا کہ ٹماٹر کی قیمت کو بہتر بنانے اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لئے میکانزم کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *