
میٹرو مجینٹا لائن کا پہلا دن خوشگوار رہا
کالکا جی میں مسافروں نے ٹریولیٹرکی کمی محسوس کی
نئی دہلی، 26 دسمبر (یو این آئی) بوٹانیکل گارڈن سے کالکا جی مندر تک میٹرو کی نئی مجنیٹا لائن کا آج پہلا دن مسافروں کے جوش وخروش اور خوشیوں کے درمیان گزرا۔
کالکاجی میں مجینٹا اور وائلٹ لائنوں کے درمیان لمبے داخلی فاصلے کو عبور کرنے والے مسافربہر حال ناخوش نظر آئے ۔ کچھ مسافر میٹرو کرایہ زیادہ ہونے کے شاکی بھی ملے۔باوجودیکہ لوگ اس بات سے خوش تھے کہ نئی مجینٹا لائن نے نوئیڈا اور جنوبی دہلی کے درمیان سفر کا وقت گھٹا کر 19 منٹ کردیا ہے۔
کالکاجی کے انڈرگراؤنڈمیٹرو اسٹیشن پر اتر کر وائلٹ لائن کی طرف جانے والے مسافروں نے ایک سے زیادہ اسکالیٹر پار کرنے کے بعدجب لمبی پیدل مسافت شروع کی تو ایک مرحلہ پر انہیں ٹرولیٹر یعنی چلتی ہوئی زمین کی کمی محسوس ہوئی۔
اس نئے سیکشن پر مسافروں کا سفر کل شام پانچ بجے شروع ہوا۔ ایک میٹرو ذمہ دار نے بتایا کہ مسافروں کا ریسپانس کافی اچھارہا۔
آج صبح اوکھلا کے مختلف اسٹیشنوں پر مسافروں کو رنگا رنگ میٹرو کی آمد کا بے چینی سے انتظا ررہا۔ راج ونش نامی ایک طالب علم نے جو نوئیڈا سے ساؤتھ ایکسٹینشن کا سفر کرتا ہے ، بتایا کہ اس نئی لائن سے اسے کافی راحت ملی ہے اور پوری لائن تیار ہوجانے پر وہ براہ راست اپنی منزل تک پہنچ سکے گا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوار ہونے والے ایک تاجر نے بتایا کہ اس نئے رابطے نے اسے اس کی مصروفیتوں سے اور بھی مربوط کردیا ہے۔ لوگ اب فاصلوں سے گھبراتے نہیں ہیں۔
کالکاجی مندر ۔ بوٹانیکل گارڈن سیکشن جو میٹرو کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہے، نو اسٹیشنوں کا احاطہ کرتا ہے۔
بوٹانیکل گارڈن سے روانہ ہونے والی ٹرین اوکھلا بررڈ سینکچوری، کالندی کنج، جسولہ وہار شاہین باغ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اوکھلا وہار، سکھدیو وہار، اوکھلا این ایس آئی سی اور کالکاجی مندر تک جاتی ہے۔
اس سیکشن پر تمام پلیٹ فارموں پر اسکرین ڈور لگے ہوئے ہیں۔ یعنی کوئی پٹری پر نہیں اترسکتا۔ اس سیکشن پر ابھی ٹرینیں تقریبا سوا پانچ منٹ کے وقفے سے چلیں گی۔
اس سیکشن پر دو انٹرچینج اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ایک بوٹانیکل گارڈن سے بلیو لائن کے لئے اوردوسرا کالکا جی مندر سے وائلٹ لائن کے لئے۔