حیدرآباد میٹرو ٹرین میں 32لاکھ شہریوں نے سفر کیا

حیدرآباد29دسمبر(یواین آئی ) حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کے آغاز کو ایک ماہ مکمل ہوگیا۔ ایک ماہ کے دوران 32,25,000 مسافرین نے ٹرین میں سفر کیا۔
میٹرو ریل کے ایم ڈی ایس وی ریڈی نے کہا کہ کئی ایک مسائل کے باوجود میٹرو ٹرین کی خدمات عوام کے لئے فراہم کی گئی ہیں۔ اس پروجیکٹ سے متعلق کئی تنقیدیں کی گئی تھیں اور یہ بھی افواہیں پھیلائی گئی تھیں کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ایل اینڈ ٹی کمپنی یہاں سے چلی جائے گی۔
ان تمام تنقیدوں کے باوجود کبھی حوصلہ پست نہیں ہوا اور میٹرو ٹرین پراجکٹ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا گیا۔ ایک ماہ قبل میٹرو ٹرین کا آغاز ہوا۔ آغاز کے بعد بھی نکتہ چینی کا سلسلہ جاری رہا لیکن اب بھی یومیہ ایک لاکھ مسافرین میٹرو ٹرین کے ذریعہ سفر کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 1.5لاکھ اسمارٹ کارڈس فروخت کئے گئے ہیں اور 22فیصد مسافرین نے یہ کارڈ خریدے ہیں۔ ہر دن 2000اسمارٹ کارڈس فروخت ہورہے ہیں۔ اندرون چار تا پانچ یوم تمام اسٹیشنوں میں میٹرو ٹرین کے اوقات کار کے بورڈس آویزاں کئے جائیں گے۔
اسی طرح بیت الخلاوں کے قیام اور اس کے استعمال کے لئے اندرون ایک ہفتہ ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ 23اسٹیشنوں کے پاس پارکنگ کی سہولت دستیاب ہے ۔ پرکاش نگر اسٹیشن کے پاس پارکنگ کی سہولت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہت جلد میٹرو اسٹیشنوں کے پاس کمپیوٹرائزڈ اسمارٹ پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کلر کوڈنگ کے ذریعہ پارکنگ کی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *