جادھو کے رشتہ داروں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف احتجاج

امریکہ میں پاکستان کے خلاف مظاہرہ
واشنگٹن، 8جنوری (یو این آئی) پاکستان کی جیل میں قید ہندوستانی شہری کل بھوشن جادھو سے اسلام آباد میں ملاقات کے لئے گئیں ان کی والدہ اور اہلیہ کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف ہندوستانیوں، افغانیوں اور بلوچوں نے آج یہاں واشنگٹن میں امریکی سفارت خانہ کے باہر مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں چپل چور پاکستان والے پوسٹر اٹھارکھے تھے۔مسٹر جادھو کے خاندان کے ساتھ اتحاد کامظاہرہ کرنے کے لئے مظاہرین نے سفارت خانہ کو اپنے پرانے جوتے ‘عطیہ’ بھی کئے ۔ مظاہرہ کرنے والے ایک شخص نے کہا کہ جب وہ ایک خاتون کے جوتے چراسکتے ہیں تو وہ ان پرانے جوتوں کا بھی استعمال کرلیں گے۔ ایک دیگر شخص نے کہا کہ مسٹر جادھو کے خاندان کے ساتھ اپنائے گئے رویے نے پاکستان کی تنگ ذہنیت کو اجاگر کردیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ 25 دسمبر کو اسلام آباد میں مسٹر جادھو کی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی جس پر ہندوستان نے سخت اعتراض کیا تھا۔ مسٹر جادھو کی اہلیہ کو ان کے جوتے اتارنے کے لئے کہا گیا تھا اور اس کی جگہ انہیں دوسرے جوتے پہننے کو دئے گئے۔پاکستان کے مطابق جوتوں کو سیکورٹی وجوہات کے بنا اتروایا گیا تھا کیوں کہ اس میں کسی میٹل کی موجودگی کا خدشہ تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *