لاک ڈاؤن سے متاثر لوگوں کی مدد کے لئے خصوصی فنڈ تشکیل دیں ، جماعت اسلامی ہند کی ریاستی حکومت کو تجویز

Amir Halqa Letter To Maharashtra CM on COVID-page-001

ممبئی : جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرنے ریاستی حکومت سے حکومتی وسائل ، کارپوریٹ امداد اور عوامی عطیات کو یکجا کرنے کے لئے ایک خصوصی فنڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے، تا کہ ملک گیر لاک ڈاؤن سے پریشان حال یومیہ اور غیر منظم شعبہ کے مزدوروں کی مدد کی جائے۔ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو لکھے گئے خط میں جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیر حلقہ رضوان الرحمن خان نے تجویز پیش کی ہے کہ ریاست ابتدا میں اس فنڈ کے لئے اپنے بجٹ سے رقم مختص کرے اور صنعت کاروں سے بھی اپیل کرے کہ وہ اپنے پہلی سہ ماہی کے سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے عطیات کو اسی فنڈ میں جمع کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ریاست عام لوگوں سے بھی ضرورت کے مطابق چندے کی اپیل کر سکتی ہے۔ خط میں ، جو اس ہفتے کے شروع میں وزیراعلیٰ کو پیش کیا گیا تھا ، جماعت اسلامی مہاراشٹرنے کورونا وائرس (COVID-19) کے پھیلائو کے تناظر میں ریاست اور مرکز کی طرف سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے ذریعہ سب سے زیادہ متاثر لوگوں کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کی تجویز پیش کی۔ تنظیم نے حکمت سے راشننگ دکانوں پر اناج اور دیگر ضروری اشیا کی تقسیم کو دوگنا کرنے کو کہا۔ اس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ ریاست میں تقریبا 3.65کروڑ غیر منظم مزدوروں کو ماہانہ 5000 روپےمعاوضہ دیا جائے یا انہیں مفت میں کھانا اور رہائش فراہم کی جائے۔جماعت اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے دیئے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ سماجی اور صحت کے شعبوں کے علاوہ لوگوں کو فوری ریلیف اور منظم اور غیر منظم شعبوں کے معاشی پیکیج کے لئے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔جماعت نے پہلے ہی شہر سمیت ریاست بھر میں کھانے کی تقسیم کی مہم شروع کردی ہے۔ جماعت اسلامی اور اس کی طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) سے وابستہ رضاکار لاک ڈاؤن کے سبب متاثرہ افراد تک پہنچ رہے ہیں اور انہیں پکا ہوا کھانا اور اناج تقسیم کررہے ہیں۔ان اقدامات کے علاوہ جماعت اسلامی مہاراشٹرنے مطالبہ کیا کہ COVID-19 مشتبہ افراد کے لئے اضافی جانچ لیبارٹریز اورکورانٹائین مراکز لازمی طور پر ان شہروں میں قائم کیے جائیں جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ جماعت نے حکومت سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے لئے ریاست کے ساتھ تعاون کرنےاور COVID-19 مشتبہ افراد،  جنھیں گھر میں کورانٹائین میں رہنے کیلئے کہا گیا ہے، پر نگاہ رکھنے کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ جماعت اسلامی مہاراشٹر اپنا یہ فرض سمجھتی ہے کہ وہ اس بحران کے وقت میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت کی حمایت کرے اور وہ ریاست میں عوام کے مفاد کے لئے ہمیشہ اپنا دست تعاون دراز رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *