
خواہ کسی بھی ریاست کے ہوں ، کھانا ، پانی دینا میری ذمہ داری ہے
حیدر آباد : کورونا وائرس کو لے کر ملک بھر میں لاگو لاک ڈاون کی وجہ سے دیگر ریاستوں کے مزدوروں کے درمیان غیر یقینیت کا ماحول ہے ۔ ملک کے بڑے شہروں کو چھوڑ کر مزدور اپنے گاوں کی طرف ہجرت کرنے کی کوشش میں ہیں ۔ ان سب کے درمیان تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راو کے ایک ویڈیو کی ہرطرف تعریف ہورہی ہے ۔ وہ اس ویڈیو میں ریاست کے مزدوروں سے نہ جانے کی اپیل کررہے ہیں ۔
تقریبا ڈھائی منٹ کے اس ویڈیو میں وہ بار بار مزدوروں کو یقین دلارہے ہیں کہ ان کی ریاست میں انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔ وہ کہتے ہیں کہ آپ خواہ کسی بھی ریاست کے ہوں ، آپ ہمارے بھائی ہیں ۔ آپ کی دیکھ بھال کرنا ، کھانا دینا ، پانی دینا میرا فرض بنتا ہے ۔ آپ ہماری ریاست کی ترقی کیلئے ہیں ، جب تک آپ رہیں گے ، آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ایک آدمی کو 12 کلو چاول دیا جائے گا ۔ ہر چیز کا خیال رکھا جائے گا ۔ آرام سے رہیں ۔ آپ کی ہر ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا ۔ اگر کوئی تکلیف ہے تو آپ سرپنچ ، ڈی ایم اور سبھی افسران سے مل سکتے ہیں ۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ لاک ڈٓاون کے دوران غریب ، ضرورت مند لوگوں اور یومیہ اجرت والے مزدوروں کو کھانا اور رہائش مہیا کرانے کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں گے ۔ حکومت کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ جو بھی لوگ گھروں کیلئے نکلے ہیں ، انہیں ریاست یا مرکز کے زیر انتظامیہ خطہ کی حکومتیں ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق پوری جانچ کرنے کے بعد کم سے کم چودہ دنوں کیلئے کوارنٹائن سینٹر میں رکھیں ۔