نئی دہلی : کورونا انفیکشن کو لے کر پی ایم مودی نے ملک گیر لاک ڈاؤن کو 3 مئی تک جاری رکھنے کا اعلان منگل کے روز ہی کر دیا تھا۔ پی ایم مودی نے اس اعلان کے ساتھ ہی کہا تھا کہ بدھ کو لاک ڈاؤن کے تعلق سے نئی گائیڈ لائن جاری ہوگی۔ اب وزارت داخلہ کی نئی گائیڈ لائن سامنے آ گئی ہے۔ اس میں کسانوں کو راحت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لیکن مذہبی مقامات یعنی مسجد، مندر، گرودوارہ یا چرچ میں عبادت پر پابندی 3 مئی تک جاری رہے گی اور اس میں کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔
زراعتی شعبہ کو کچھ چھوٹ دینے کے ساتھ ہی کنسٹرکشن پروجیکٹ کو بھی محدود طور پر چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تازہ گائیڈ لائن کے مطابق کھانے پینے اور دوا بنانے والی تمام انڈسٹریز کھلی رہیں گی اور اس کے ساتھ ہی دیہی ہندوستان میں کارخانوں کو کھولنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ لیکن قابل غور ہے کہ یہ اجازت 20 اپریل کے بعد ہی ملے گی اور ایسے علاقوں کو چھوٹ دی جائے گی جہاں کورونا انفیکشن کے نئے معاملے سامنے نہیں آ رہے ہیں اور ہاٹ اسپاٹ نہیں ہیں۔