
عین وقت پر بی جے پی نے امیدوار تبدیل کیا رمیش کراڈ کو ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے کی جگہ امیدوار بنایا
ممبئی : بی جے پی نے قانون ساز کونسل انتخابات کے لئے اپنے چوتھے امیدوار کو تبدیل کردیا ہے ۔ ڈاکٹر اجیت گو پچھڑے نے اپنا امیدواری عریضہ واپس لے لیا ہے اور رمیش کراڈ بی جے پی کے چوتھے امیدوار ہوں گے۔ رمیش کراڈ لاتور دیہات بی جے پی کے ضلعی صدر ہیں ۔
گذشتہ ۱۱ مئی کو قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن تھا ۔ لہذا مہاراشٹر وکاس آ گاڑی کے پانچ امیدواروں نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے ساتھ نامزدگی فارم داخل کیا ۔ بی جے پی سے رمیش کراڈ نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف پروین ڈیریکر بھی موجود تھے ۔
بی جے پی نے قانون ساز کونسل کے لئے ڈاکٹر اجیت گوپھچھڑے ، پروین داتکے ، گوپی چند پڈالکر اور رنجیت سنگھ موہیتے پاٹل کے ناموں کو بالآخر طے کرکے فارم بھی جمع کرایا تھا ۔ اسمبلی انتخابات میں نئے چہروں کے لئے بی جے پی کے سابق لیڈران کو اس مرتبہ موقع نہیں دے رہی ہے ۔ تاہم انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن بی جے پی سے رمیش کراڈ نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کیا تھا اسی وقت سے قیاس کیا جا رہا تھا کہ بی جے پی عین وقت پر اپنا امیدوار تبدیل کر دے گی چونکہ رمیش کراڈ کی سیاسی طاقت ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے کی بہ نسبت زیادہ ہونے کے علاوہ رمیش کراڈ سابق نائب وزیر اعلی آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کے بہت قریبی مانے جاتے ہیں ۔