مرکز المعارف کے شارٹ ٹرم انگلش لینگویج کورس کا آن لائن آغاز

markaz

ممبئی، 15/ جولائی (پریس ریلیز): ملک کا مشہور تعلیمی ادارہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر،ممبئی نے علماء، ائمہ، حفاظ کے لیے تیار کردہ مختصر مدتی انگلش لینگویج کورس (SELC)کا 15 جولائی بروز بدھ کو با ضابطہ آن لائن آغاز کر دیا۔اس سے پہلے 90 دنوں پر مشتمل اس کورس کا ملک کے مختلف شہروں سے آف لائن کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے، جہاں سے 15 بیچز کورس مکمل کر کے سرٹیفیکٹ حاصل کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ موجودہ حالت اور عصر حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مرکز المعارف کے حل و عقد نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس کور س کا اب آن لائن بھی آغاز کر دیا جائے گا، چنانچہ اس کے اعلان کے بعد سے ہی ملک کے طول و عرض سے طالبین نے رجسٹریشن کروانا شروع کردیا تھا،تعداد بڑھ جانے کی وجہ سے اسوقت صرف 150طلبا کے داخلے کو منظوری دی گئی ہے باقی 50 سے زائد طلبا ء کو آئندہ شروع ہونے والے بیچیز کے لئے ویٹنگ میں رکھا گیا ہے۔اسوقت منتخب شدہ طلبا ء کو 6 بیچز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر بیچ کے لئے الگ الگ ماہر ٹیچر کو متعین کیا گیا ہے۔آج کے آن لائن افتتاحی پروگرام میں استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مرکز المعارف کے انچارج مولاناعتیق الرحمن قاسمی نے کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس ادارے کے بانی مولانا بدرالدین اجمل القاسمی، رکن شوری دارالعلوم دیوبند و ممبر پارلیمنٹ، اس کورس کے ذریعے علماء، ائمہ اور حفاظ کو عصر حاضر کے ضروری تقاضوں سے ہم آہنگ کرانا چاہتے ہیں تاکہ وہ جہاں بھی ہوں اور جس شعبے میں بھی ہوں عزت کے ساتھ سر اٹھا کر جی سکیں۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی معروف اسلامی اسکالر مولانا محمد افضل قاسمی انگلینڈ سے ژوم کے ذریعے اپنے خطاب میں فرمایا کہ انگریزی زبان عربی کے مقابلے میں کافی آسان ہے، منظم اور مستقل محنت کے ذریعے اس پر بآسانی عبور حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مرکز المعارف کے اس کورس سےجڑنے والے احباب خوش نصیب ہیں،انہیں مخلص ماہرین کی خدمات حاصل ہو رہی ہیں۔میں تمام شرکاء سے گزارش کروں گا کہ وہ اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔واضح رہے کہ مولانا افضل صاحب نے ہی مشترکہ کلاس کو پہلا درس دیا۔ژوم پر اس لائن پروگرام کے صدر اور مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے اپنے صدارتی کلمات کے درمیان اس کورس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لئے اصول و قوانین کی پابندی کو ضروری قرار دیا اور اس کے دور رس مثبت نتائج سے طلباء کو آگاہ کیا۔پروگرام کی نظامت مرکز المعارف کے استاد اور آن لائن دار الافتاء ء کے کو آرڈینٹر مفتی جسیم الدین قاسمی کی اور مرکز المعارف کے اساتذہ مولانا مد ثر احمد قاسمی، (نیشنل کو آرڈینٹر آف ڈیل) مولانا اسلم جاوید قاسمی، مفتی محمد راشد قاسمی، مولانا معاذ مدثر قاسمی، مفتی فہیم عثمانی قاسمی اور مولانا طہ قاسمی پروگرام میں شریک رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *