ممبرا (معیشت نیوز)الہدایہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن اور ،الہدایہ پبلک اسکول تھانے مہاراشٹر کے چیرمین جناب ابو سعد شیخ صاحب بھی اللہ تعالیٰ کے حضورحاضر ہوگئے، (انا للہ واناالیہ راجعون )
موصوف کوسہ ممبرا کے ایس کے ریسیڈنسی میں رہائش پذیر تھے اور ان دنوں بیمار ہونے کی وجہ سے ممبرا کے کالسیکر اسپتال میں زیر علاج تھے۔موت و زیست تو خدا کے ہاتھ ہے لیکن کہا یہ جارہا ہے کہ مرحوم کرونا وائرس کے زیر اثر آگئے تھے اور اس بیماری سے جانبر نہ ہوسکے۔
مرحوم کے قریبی اور انسٹی ٹیوشن کے شریک کار ڈاکٹر انظر سید صاحب کے بقول “کل شام تک طبیعت بحال ہوگئی تھی لیکن پھر دوبارہ تکلیف شروع ہوئی اور آج دوپہر انتقال ہو گیا”۔یقیناََ موت اس کی ہے کرے جس پہ زمانہ افسوس ابو سعد شیخ مرحوم کا شمار ممبرا کے ان لوگوں میں ہوتا رہا ہے جو ملی مسائل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے ہیں۔ ممبرا کے حالات کی بہتری کے لئے جہاں انہوں نے مختلف پروگرام کا خاکہ تیار کیا تھا وہیں سی اے اے ،این آر سی کے خلاف مہم چلانے کے لئے جو سوشل رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی آپ اس کے سربراہ بھی تھے۔
معیشت میڈیا کے منیجنگ ایڈیٹر دانش ریاض کے مطابق “معیشت میڈیا نے جب ممبرا کوسہ تلوجہ اور نوی ممبئی کو فوکس کرتے ہوئے اخبار معیشت کا آغاز کیا تو جن اولین لوگوں نے اس کاز کو سہارا دیا ان میں ابوسعدشیخ مرحوم کا نام بھی نمایاں ہے۔ ان کی وفات پر ادارہ معیشت جہاں پسماندگان کے غم میں برابر کا شریک ہے وہیں دعا گو ہے کہ الله تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے آمین “۔
http://urdu1.maeeshat.in/2019/04/11/%d8%af%db%8c%d9%86%db%8c-%d9%88-%d8%b9%d8%b5%d8%b1%db%8c-%d8%aa%d8%b9%d9%84%db%8c%d9%85-%da%a9%db%92-%d8%b3%d9%86%da%af%d9%85-%da%a9%d8%a7-%d9%86%d8%a7%d9%85-%db%81%db%92-%d8%a7%d9%84%db%81%d8%af/