الحاج مولانا فیض الرحمن (پرویز) قاسمی کو امیر شریعت بنایا جائے

الحاج مولانا فیض الرحمن (پرویز) قاسمی
الحاج مولانا فیض الرحمن (پرویز) قاسمی

امارت شرعیہ میں اڑیسہ کی نمائندگی کو بھی حتمی بناتے ہوئے الجامعہ ابوہریرہ ،اڑیسہ کے مہتمم کے نام پر غور کیا جائے
پٹنہ: امارت شرعیہ بہار ،جھارکھنڈو اڑیسہ میں امیر شریعت کے انتخاب کے لئے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں اورزیادہ تر آوازیں بہار کی ہی نمائندگی کرنے والی ہیں۔ایسے میں کبھی بھی جھارکھنڈ یا اڑیسہ کی نمائندگی کا خیال نہیں رکھا گیاہے ۔اب جبکہ امیر شریعت کے انتخاب کی تیاریاں چل رہی ہیں ارباب امارت شرعیہ کو چاہئے کہ وہ جھارکھنڈ یا اڑیسہ کی نمائندگی کو ترجیح دیں تاکہ امارت شرعیہ جن مقامی جھگڑوں کا شکار ہوکر اپنی ساکھ کھوتا جا رہا ہے اس کا خاتمہ ہوسکے۔
شہر عظیم آباد کے ارباب حل و عقد کا کہنا ہے کہ امارت شرعیہ پھلواری شریف سیاسی طالع آزمائوں کا شکار ہوگیا ہے ایسے میں جب تک اس ادارے کی سربراہی بہار سے باہر نہیں جائے گی اس وقت تک اس کی ساکھ کا بچانا مشکل ہوجائے گا۔بہار سے باہر جھارکھنڈ و اڑیسہ میں صاحب تقویٰ اور صاحب بصیرت لوگوں کی کمی نہیں ہے لیکن قیام امارت شرعیہ سے اب تک کبھی بھی اس جانب کا رخ نہیں کیا گیالیکن اس وقت جبکہ داخلی انتشار بہت زیادہ بڑھا ہوا ہے بہار سے باہر کی ہی نمائندگی بہتر ہے۔
بہار سے باہر جن ناموں پر غور و فکر کیا جاسکتا ہے اس میں ایک بہتر نام الحاج مولانا فیض الرحمن پرویز قاسمی کا ہے جو الجامعۃ ابوہریرہ بسرا ،اڑیسہ کے مہتمم اور حضرت مولانا قاری صدیق باندوی نور اللہ مرقدہ کے فیض یافتہ ہیں۔ابتدائی تعلیم بھی ان کی باندہ،ہتھوڑا میں ہوئی ہے جب حضرت مولانا صدیق باندوی نور اللہ مرقدہ کا انتقال ہوا تو پھر موصوف نے حضرت مولانا مطیع اللہ جلال آباد سے بیعت کرلی اور ان سے ہی اصلاحی تعلق قائم رکھا جبکہ اسی دوران دار العلوم دیوبند سے فراغت بھی حاصل کرلی۔چونکہ الحاج مولانا فیض الرحمن (پرویز) قاسمی کو حضرت مولانا قاری صدیق باندوی نور اللہ مرقدہ سے خاص انسیت تھی لہذا اپنے والد محمد سلیمان مرحوم سے دو ایکڑ زمین حاصل کرکے انہوں نے حضرت کی ایماء پر جامعہ ابوہریرہ قائم کیا جہاں آج ڈھائی سو سے زائد طلبہ علم دین حاصل کررہے ہیں۔
الحاج مولانا فیض الرحمن (پرویز) قاسمی کی بالغ نظری ہی ہے کہ انہوں نے دینی علوم کے ساتھ عصری علوم کا بھی اپنے ادارے میں آغاز کردیا ہے۔ایک ایسے لائق و فائق شخص کو جو موجودہ حالات پر بھی گہری نظر رکھتا ہو اگر امیر شریعت بنایا جائے تو یقیناً امارت شرعیہ پھلواری شریف کو اڑیسہ میں بھی مضبوط ہونے کا موقع ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *