
کولکاتہ میں ویمن انٹرپرینیورشپ پر چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد
توپسیا میں منعقد ہونےوالے پروگرام میں ماہرین رہنمائی کریں گے
کولکاتہ: مغربی بنگال کی خواتین کی تجارتی سرگرمیوں میں شمولیت اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیےچار روزہ ویمن انٹرپرینیورشپ ورکشاپ کا انعقاد توپسیا میں کیا گیا ہے جس میں انٹرپرینیورشپ کے ماہرین کاروباری مزاج رکھنے والی خواتین کو انٹرپرینیورشپ کے گُر سکھائیں گے۔ 18اور19نیز25اور26ستمبر 2021کو منعقد ہونے والے مذکورہ پروگرام میں 50سے زائد خواتین کی شرکت کے مواقع ہیں۔ورکشاپ کی آرگنائزر ثانیہ سمیع کا کہنا ہے کہ ’’مغربی بنگال میں خواتین تجارتی سرگرمیوں میںتو شامل ہیں لیکن ان کی رہنمائی کرنے والا کوئی نہیں ہے۔نئے آئیڈیاز اور فائنانسنگ کے ساتھ اگر ان خواتین کو بہتر مواقع میسر آئیں تو میں سمجھتی ہوں کہ اس کے دور رس نتائج بر آمد ہوں گے۔‘‘تعمیر ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے سپورٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے ثانیہ کہتی ہیں ’’ تعمیر ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے ورکشاپ منعقد کرنے کے لئے اگر اپنی جگہ عنایت کی ہے اور ہر طرح کے تعاون کا وعدہ کیا ہے تو معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر دانش ریاض ممبئی سے بطور خاص تشریف لا رہے ہیں۔رخشی الیاس،سمیتا گوسوامی ونیتا مندرا کے ساتھ کولکاتہ کے مشہور ایجوکیشنسٹ سی ڈی 360کے بانی حذیفہ ارشد بھی شریک ہورہے ہیں‘‘۔

ثانیہ سمیع نے مقامی خواتین کی طرف سے لبیک کہے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے 100روپئے کے رجسٹریشن کے ساتھ اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ وہی خواتین شرکت کریں جو تجارت کے سلسلے میں کچھ کرنا چاہتی ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ لوگ رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔چونکہ مغربی بنگال میں اس طرح کے پروگرام بہت کم ہوتے ہیں اس لئے بھی خواتین کے اندر جوش دکھائی دے رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام میں Abacus Scholars،تعمیر ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ ،CD 360، معیشت اکیڈمی (ممبئی )جیسے ادارے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں اور مذکورہ ورکشاپ کو خواتین کے لئے مفید بنا رہے ہیں۔
ثانیہ سمیع کا کہنا ہے کہ ’’پروگرام میں جو خواتین شامل ہوں گی بعد میں بھی نہ صرف ان کی رہنمائی کی جائے گی بلکہ جو لوگ مالی تعاون کی خواستگار ہوں گی اور جن کے بارے میں محسوس کیا جائے گا کہ اگر ان کی مدد کی جائے تو وہ بہتر ریزلٹ دیں گی تو ایسی خواتین کو مالی تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔