
غداریٔ وطن قانون،ختم ہو:جسٹس نریمن
ممبئی: ملک سے بغاوت کے قانون کو لے کر پچھلے کچھ سالوں میں بہت سے سوالات اٹھے ہیں۔ اپوزیشن مسلسل حکومت پر اس قانون کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگا رہی ہے۔ سپریم کورٹ بھی کئی بار اس کی نشاندہی کر چکا ہے۔ اب سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس آر ایف نریمن نے اس قانون کو ختم کرنے کی وکالت کی ہے۔
انہوں نے اس قانون کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے نوآبادیاتی ذہنیت کا قانون قرار دیا۔ جسٹس نریمن نے حکومت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف سیڈیشن ایکٹ کے تحت کاروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ وقت ہے کہ بغاوت کے قوانین کو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور آزادی اظہار کی اجازت دی جائے۔”
جسٹس نریمن حال ہی میں ممبئی میں ایک لا اسکول کے ورچوئل پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا، “بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں، بغاوت کے قانون کے تحت حکومت پر تنقید کرنے والے نوجوانوں، طلباء اور اسٹینڈ اپ کامیڈین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ یہ قانون نوآبادیاتی نوعیت کا ہے۔ ملکی آئین میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
جسٹس نریمن نے کہا، ‘ایک طرف، غداری کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں سے بھی ٹھیک طرح سے نمٹا نہیں جا رہا ہے۔
کچھ لوگ ایک مخصوص گروہ کی نسل کشی کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن ان کے خلاف سخت کاروائی نہیں کی جاتی۔ حکام بھی بے حس ہیں۔ “بدقسمتی سے، اقتدار میں اعلیٰ ترین سطح پر موجود افراد ایسی اشتعال انگیز زبان پر نہ صرف خاموش ہیں، بلکہ تقریباً اس کی حمایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے حال ہی میں کہا تھا کہ نفرت انگیز تقریر نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ جرم ہے۔ جسٹس نریمن نے تجویز دی کہ پارلیمنٹ نفرت انگیز تقریر کے لیے کم سے کم سزا کا بندوبست کرے۔ “اگرچہ نفرت انگیز تقریر کے ملزم کو تین سال تک کی قید کی سزا دی جا سکتی ہے، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوتا کیونکہ کوئی کم از کم سزا مقرر نہیں ہے،”
انہوں نے کہا۔ اگر ہم قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ کو کم سے کم سزا دینے کا قانون لانا چاہیے۔