ہند۔ نیپال توانائی کے شعبے میں شراکت داری کے لیے تیار

ہندوستان اور نیپال نے آج ہائیڈرو پاور سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کے ساتھ کئی ترقیاتی شراکتی معاہدوں پر دستخط کئے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا کے درمیان آج یہاں وفود کی سطح کی دو طرفہ میٹنگ میں یہ فیصلےلیے گئے۔

دونوں وزرائے اعظم نے جے نگر سے کرتھا (نیپال) کے درمیان ریلوے لائن کا افتتاح کیا اور مسافر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نیپال میں روپے کارڈ کا چلن شروع کیا اور 132 کلو واٹ کی صلاحیت والی سولو کوریڈور پاور ٹرانسمیشن لائن اور سب اسٹیشن کا افتتاح کیا۔

نیپال نے بین الاقوامی شمسی اتحاد ( آئی ایس اے) میں باضابطہ طور پر داخلے کی دستاویز پردستخط کئے ۔

اس موقع پروزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کی دوستی، ہمارے لوگوں کے باہمی تعلقات، ایسی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ ہماری تہذیب، ہماری ثقافت، ہمارے تبادلے کے دھاگے قدیم زمانے سے جڑے ہوئے ہیں۔ زمانہ قدیم سے ہم ایک دوسرے کی خوشی اور غم کے ساتھی رہے ہیں۔

مودی نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ توانائی کے تعاون پر ہمارا مشترکہ وژن پیپر مستقبل کے تعاون کے بلیو پرنٹ ثابت ہوگا۔ ہم نے پنچشور پروجیکٹ میں تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ پروجیکٹ اس علاقے کی ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نیپال کے پن بجلی کے ترقیاتی پروجیکٹ میں ہندوستانی کمپنیوں کی زیادہ سے زیادہ شراکت کے موضوع پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ نیپال اپنی اضافی بجلی ہندوستان کو برآمد کر رہا ہے۔ یہ نیپال کی اقتصادی ترقی میں اچھا تعاون ہو گا۔ ہندوستان بجلی کی درآمد بڑھانے پر بات کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *