علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے آج واضح کیا کہ یونیورسٹی کے مختلف رہائشی ہالوں میں رہنے والے غیر مسلم طلبا اور دیگر غیر روزہ دار طلبا کو ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) نے تمام پرووسٹوں سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام غیر مسلم طلبا اور کسی وجہ سے روزہ نہ رکھ پانے والے مسلم طلبا کے لئے ناشتے، دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے لئے مناسب انتظامات یقینی بنائیں۔ یہ ہدایت وائس چانسلر کی منظوری سے جاری کی گئی ہے۔
دراصل پچھلے کچھ دنوں سے ایک خاص طبقہ سوشل میڈیا پر ایسی خبروں کو پھیلا رہا تھا کہ مسلم یونیورسٹی میں غیر مسلم طلبا کو رمضان المبارک کے سبب بھوکا رہنا پڑ رہا ہے اور انہیں ہاسٹلز میں صبح کا ناشتہ اور دن کا کھانا نہیں مل رہا ہے۔ مگر اب یونیورسٹی انتظامیہ نے اس کی تردید کی ہے اور بتایا ہے کہ جو مسلمان طلبا بھی روزے دار نہیں ہیں انہیں بھی ناشتہ اور کھانا مل رہا ہے۔