ایچ ایف خان، دیوبند
عالمی شہرت یافتہ دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند نے موجودہ حالات کے پیش نظر نئے طلبہ کے داخلے کے طریقہ کار میں کئی تبدیلیاں کرتے ہوئے داخلہ قوانین کو مزید سخت کردیا ہے۔
ادارے کی جانب سے داخلہ کے خواہش مند تمام جدید طلباء کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ادارے کی جانب سے تجویز کردہ جملہ دستاویز لے کر ہی دارالعلوم دیوبند پہنچے بصورت دیگر طلباء کو دارالعلوم دیوبند میں داخلہ نہیں دیا جائے گا اور اگر کسی طالب علم کے پاس یہ دستاویز مکمل نہیں ہیں تو وہ دارالعلوم دیوبند میں داخلہ لینے آنے کی کوشش نہ کرے۔
اس سلسلے میں دارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جد ید طلبہ کے لیے سابق مدرسہ کی تصدیق اور امتحان سالانہ میں حاصل کردہ نمبرات کی مارک شیٹ امتحان داخلہ کے لیے ضروری ہے۔ اس کے بغیر امتحان داخلہ میں شرکت نہیں ہو سکے گی۔
تمام طلبہ کے لیے اپنا اور اپنے والد کا آدھار کارڈ اور موبائل نمبرجمع کرانا ضروری ہے۔
اس کے ساتھ ہی سرحدی علاقوں (جموں وکشمیر، ویسٹ بنگال، منی پور، تری پورہ، آسام وغیرہ اور ان کے آس پاس) کے طلبہ اپنا وطنی تصدیق نامہ یعنی ایفیڈیوٹ بھی ضرور ساتھ لائیں،جس کی سرکاری محکمہ، ایل آئی یو وغیرہ سے جانچ کرائی جائے گی۔
نیز آئی ڈی غلط پائے جانے پر طالب علم کو دارالعلوم دیوبند سے برخاست کر دیا جائے گا، ساتھ ہی اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی کرائی جا سکتی ہے۔
وہیں دارالعلوم دیوبند کے شعبہ تعلیمات کے ناظم مولانا حسین احمد ہریدواری کی جانب سے بھی ایک اعلان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جدید منتخب طالب علم کے لئے سابقہ مدرسہ کا تعلیمی و اخلاقی تصدیق نامہ،برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ راشن کارڈ کی فوٹو کاپی،شناختی کارڈ برائے ووٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ برائے اول،برائے دوم،برائے سوم اور برائے چہارم عربی میں داخلہ کے لئے درخواستوں کی تقسیم ۲شوال المکرم ۳۴۴۱ھ مطابق ۴ مئی ۲۲۰۲سے ۵شوال المکرم ۳۴۴۱ھ مطابق ۷ مئی ۲۲۰۲ء سنیچر تک ہوگی۔
برائے پنجم،برائے ششم،برائے ہفتم اور برائے دورہ حدیث شریف میں داخلہ کے لئے درخواستوں کی تقسیم ۲شوال المکرم ۳۴۴۱ ھ مطابق ۴ مئی سے شوال المکرم ۳۴۴۱ھ مطابق 11مئی ۲۲۰۲ ء بروز بدھ کی دوپہر تک ہوگی اور اسی دن شام تک درخواستیں جمع ہوں گی۔
کتابت اور دار الصنائع میں داخلہ کے لئے بھی درخواستوں کی تقسیم ۹شوال المکرم ۳۴۴۱ھ مطابق 11مئی ۲۲۰۲ ء بروز بدھ کی دوپہر تک ہوگی اور اسی دن شام تک درخواستیں جمع ہوں گی۔
اعلان میں کہا گیا ہے کہ تدریب فی التدریس کے لئے دارالعلوم دیوبند کے دورہ حدیث اور تکمیلات و تخصصات کے اعلی و امتیازی نمبرات سے فارغین متصل الدراسہ طلبہ ہی امیدوار بن سکتے ہیں درخواستیں 11شوال المکرم ۳۴۴۱ھ تک قبول کی جائیں گی۔
ان لائق و فائق امیدواروں میں سے بذریعہ انٹر ویو دو امیدواروں کا انتخاب ہوگا یہ انتخاب مرحلہ وار دو سال کے لئے ہوگا جس میں اچھی استعداد اور امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو ہی منتخب کیا جائے گا۔
واضح ہو کہ دارالعلوم دیوبند میں نئے طلباء کے داخلے کا عمل عید الفطر کے دو دن بعد شروع ہو رہا ہے۔ داخلہ امتحان 10 دن میں شروع ہوتا ہے اور ایک ماہ کے اندر داخلہ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نیا تعلیمی سیشن شروع ہوتا ہے