
کے کے اردو گرلز ہائی سکول کے سابق صدر مدرس عقیل خان بیاولی کے لئے اعزازی الوداعی تقریب۔
جلگاؤں، ( نامہ نگار )انجمن خدمت خلق کے زیر انصرام جاری شہر کا قدیم دختران ملت کا واحد تعلیمی ادارہ کے کے اردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج کے سابق صدر مدرس عقیل خان بیاولی کی ادارہ میں 32 سالہ خدمات کے اعتراف میں سبکدوشی کے موقع پر ادارہ کے صدر و اراکین نیز اسٹاف ممبران کی جانب سے موصوف کے لئے الوداعیہ اعزازی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے صدر الحاج ڈاکٹر امان اللہ شاہ نے موصوف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ استاذ سماج کو تشکیل دینے والا ہوتا ہے وہ اپنے سماج ، علاقہ اور ملک کے لئے وقف ہوتا ہے اور کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا۔ پروگرام میں انجمن کے نائب صدر الحاج عبدالمجید سیٹھ زکریہ، خالد بابا باغبان اور بھائی زاہد شاہ نے حاضر رہ کر پروگرام کی رونق کو دوبالا کیا۔ اسکول ہذا کی صدر مدرسہ تنویر جہاں نے موصوف کے ساتھ اسکول میں گزرے وقت اور ان سے سیکھے تجربات کو نم آنکھوں کے ساتھ بیان کیا۔اسی طرح شاہ ذاکر، مشتاق بہشتی، رضوانہ سید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازیں عقیل خان بیاولی نے بھی اپنے اس سفر کو تا دم حیات یاد رہنے والا سفر کہا۔ ام کلثوم مفتی افضل نے تلاوت کلام سے تقریب کی ابتدا کی تو حمد باری تعالی ارم اسلم اور نعت پاک شاکیرہ التمش نے پیش کیں۔ ترانہ انجمن تحریم فاطمہ و گروپ نے پیش کیا ۔ اس موقع پر دانیہ نورین عقیل شیخ کو ایم بی بی ایس کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر ادارہ کی جانب سے اعزاز کیا گیا تو وہیں گزشتہ سال ہوئے بورڈ کے سالانہ امتحان میں اول ،دوم و سوم درجہ حاصل کرنے والی طالبات اور حساب (دہم) اور علم سیاسیات (دوازدہم) اسکول میں اول نمبر کے مارکس حاصل کرنے والی طالبات کا بھی اعزاز کیا گیا۔ نظامت مظہرالدین شیخ، ذاکر شاہ، نازیہ شیخ اور محسن شاہ نے انجام دی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ نے شعبہ ثقافتی امور کی زیر نگرانی محنت کیں ۔