دنیا کا مشہور مدرسہ دارالعلوم دیوبند کو غیر قانونی قرار دینا غیر آئینی۔

نئی دہلی۔  سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  کے قومی نائب صدر اڈوکیٹ شر ف الدین احمد نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کو غیر قانونی قرار دینا غیر آئینی ہے اور ملک کے نظریات کے تنوع پر حملہ ہے اور برہمنی نظام یعنی ہندو راشٹر کے نفاذ کی طرف ایک قدم آگے ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ معروف دارالعلوم دیوبند سمیت 300 سے زائد مدارس کو اتر پردیش حکومت کی جانب سے غیر قانونی قرار دیا جانامسلم کمیونٹی کو الگ تھلگ کرنے کے آر ایس ایس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایک سروے کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ ان مدارس کو ریاستی مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے تسلیم نہیں کیا ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کے مطابق، ادارے نے اپنے 150 سال سے زیادہ کام کرنے کے دوران، کبھی بھی حکومت سے کسی قسم کی امداد یا چندہ قبول نہیں کیا۔ بورڈ میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باوجود دارالعلوم ہندوستانی آئین کے مطابق تعلیمی کام انجام دیتا ہے۔ دارالعلوم کی ”شوریٰ سوسائٹی” سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہے اور ادارہ مذہبی آزادی کی آئین کی ضمانت کے مطابق کام کرتا ہے۔جب تک ادارہ حکومت سے کوئی امداد یا سبسڈی قبول نہیں کر رہا ہے، اس وقت تک ادارے کو غیر قانونی قرار دینے کا حکومتی عمل خود غیر قانونی اور مذہبی آزادی کی آئینی ضمانت کے خلاف ہے۔ 1867 میں قائم ہونے والے دارالعلوم دیوبند نے جدوجہد آزادی میں مذہبی اسکالرز فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کے ہزاروں فارغین ملک بھر میں اسلام کی تعلیم دینے اور مساجد میں نماز کی امامت کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کو
غیر قانونی قرار دینے کا مقصد مدرسہ کے کام کاج کو منظم کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد مسلمانوں کے مذہبی علوم کو روکنا ہے۔ یہ ہندوتوا راشٹرا کی تعمیر کی طرف ایک اور قدم ہے جسے آر ایس ایس نے 2025 تک حاصل کرنا ہے، جو اس کے قیام کے 100ویں سال ہے۔ سنگھ پریوار دھیرے دھیرے اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے حقوق کو اس طرح کے اقدامات کے ذریعے چھیڑ رہا ہے جس کا مقصد کمیونٹیوں کو دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے دھکیلنا ہے، جیسا کہ آر ایس ایس کے نظریاتی گولوالکر نے بیان کیا ہے۔ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد نے اختتام میں کہا کہ اس طرح کے مسائل پر غیر بی جے پی سیکولر پارٹیوں کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے اور یہ خاموشی سنگھ پریوار کی ناانصافی کی کوششوں کو آسان کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *