
ہندوستان کس ملک سے کتنا خام تیل درآمد کرتا ہے ؟
نئی دہلی : ہندوستان خام تیل کی کھپت اور درآمد کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ ہندوستان اپنی ضرورت کا تقریباً 85 فیصد خام تیل درآمد کرتا ہے۔ بھارت میں خام تیل کو ریفائنریوں کے ذریعے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر کئی مصنوعات میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
بھارت کس ملک سے کتنا خام تیل خریدتا ہے؟
ورٹیکسا کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں ہندوستان نے سب سے زیادہ تیل عراق سے خریدا اس کے بعد سعودی عربیہ سے اور پھر متحدہ عرب امارات سے ۔ دسمبر ۲۰۲۲ء میں ہندوستان نے عراق سےیومیہ ۸ا؍لاکھ بیرل خام تیل، سعودی عرب سے یومیہ ۷ا؍ لاکھ بیرل ، متحدہ عرب امارات سے یومیہ ۱۳؍لاکھ بیرل یومیہ خام تیل درآمد کیا ہے۔اس کے بعد روس کا نمبر آتا ہے جس سے ہندوستان نےدسمبر ۲۰۲۲ء میں یومیہ تقریباً۱۰؍لاکھ بیرل تیل خریدا ہے۔ ہندوستان روس سے بہت کم مقدار میں تیل خریدا کرتا تھا لیکن روس یوکرین جنگ کے بعد سے اس میں اضافہ ہوگیا۔
درحقیقت روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع ہوتے ہی روسی خام تیل کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ مغربی ممالک نے روس سے خام تیل کی درآمد کم کر دی تھی۔ اس کے بعد بھارت نے روس سے سستے نرخوں پر خام تیل کی خریداری بڑھا دی۔ روس یوکرین جنگ سے پہلے بھارت کی طرف سے درآمد کیے جانے والے خام تیل کا تقریباً 60 فیصد مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تھا۔
ہندوستان میں روس سے آنے والے خام تیل کی خریداری صرف 2 فیصد تک محدود تھی جو اب بڑھ کر تقریباً ۱۰؍فیصد ہوگئی ہے روس سے خام تیل کی خریداری بڑھانے کے ساتھ ساتھ بھارت اس کا مسلسل دفاع بھی کر رہا ہے۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ جہاں ہمیں خام تیل سستا مل رہا ہے وہیں سے ہم خود ہی درآمد کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے پہلے بھی اشارہ دیا ہے کہ ہندوستانی کمپنیاں روس سے خام تیل کی درآمد جاری رکھیں گی۔ دسمبر ۲۰۲۲ء میں ہندوستان کی روس سے خام تیل کی درآمد ایک نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔