
بی آئی ایس کی زیورات پر جعلی ہال مارکنگ کے خلاف سخت کارروائی
نئی دہلی : بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) جعلی ہال مارکنگ جیولری کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔ بی آئی ایس نے شکایت اور ان پٹ کی بنیاد پر مہاراشٹر کے ۶؍بڑے شہروں میں چھاپے مارے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ طریقہ کار پر عمل کیے بغیر ہال مارکنگ کی جارہی تھی۔ اس چھاپے میں بی آئی ایس نے دیڑھ کروڑ روپے کے تقریباً تین کلو جعلی ہال مارکنگ زیورات ضبط کیے ہیں۔
اسی طرح کی کارروائیوں کے نتیجے میں تھانے، پونے اور ناگپور میں زیورات کو ضبط کیا گیا۔ مناسب جانچ اور معیار کی جانچ کے بغیر سونے کے زیورات پر جعلی ہال مارک لگا کر صارفین کو دھوکہ دینے والی فرموں کے خلاف بی آئی ایس کی طرف سے کارروائی کی گئی۔ بی آئی ایس ایکٹ ۲۰۱۶ء کے مطابق ہال مارک سمیت بی آئی ایس اسٹینڈرڈ مارک کا غلط استعمال کرنے پر دو سال تک قید یا کم از کم ۲؍لاکھ روپے جرمانے کا انتظام ہے۔
ہال مارکنگ کے عمل میں فوری تبدیلیاں
گولڈ جے ویلری کی ہال مارکنگ کا عمل جلد ہی تبدیل ہونے والا ہے۔ سی این بی سی آواز نے بتایا تھا کہ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں پرانے ہال مارکنگ سسٹم کو ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ۴؍ ہندسوں کا ہال مارکنگ سسٹم بند کر دیا جائے گا اور حکومت ۳؍سے ۶؍ ماہ میں پرانی ہال مارکنگ کو مرحلہ وار ختم کر دے گی۔ معلومات کے مطابق، صرف ۶؍ہندستوں کی نئی ہال مارکنگ باقی رہے گی۔
بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) زیورات کے ہال مارک معیارات کو لازمی قرار دینے میں مزید 43 اضلاع کا اضافہ کرے گا۔ اس وقت ملک بھر کے تقریبا ۲۸۸؍ اضلاع میں زیورات کی ہال مارکنگ لازمی ہے۔