جلگاؤں ( عقیل خان بیاولی) ۔
اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام اقرا ایجوکیشنل کیمپس اقرا نگر جلگاؤں میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر عبدالکریم سالار صاحب، صدر اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے دست مبارک رسم پرچم کشائی انجام دی گئی۔ اس جشن میں سوسائٹی کے رکن طارق انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اقرا ایجوکیشنل کیمپس کے اقرا یونانی میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر قاری عبدالقدوس، اقرا بی ایڈ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر عرفان شیخ ، اقرا ڈی ایڈ کالج کی پرنسپل سعیدہ وکیل ،اقرا پبلک اسکول کے صدر مدرس ضمیر اشرف قاضی ، جملہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ اور تمام یونٹس کے طلبہ و طالبات موجود تھے ۔رسم پرچم کشائی کے بعد ثقافتی پروگرام میں اقرا پبلک اسکول کے طلباء نے تقاریر حب الوطنی کے گیت میں ملک سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ مختصر خطبہ میں صدر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں دستور سے آگاہی ضروری ہے اور ہمیں اس کی پاسداری بھی کرنی چاہیے۔