نئی دہلی
اسٹاک مارکیٹ میں آئی گراوٹ کی وجہ سے بڑے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جس میں ملک کا سب سے بڑا ادارہ جاتی سرمایہ کار ایل آئی سی بھی شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، اڈانی گروپ کے اسٹاک کے گرنے سے ایل آئی سی کو اڈانی کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری کے سبب ۱۶؍ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ہنڈن برگ ریسرچ کی ایک رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد اڈانی گروپ کے اسٹاک میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل کمی جاری ہے اور اس دوران اڈانی گروپ کی مارکیٹ کیپ میں ۴؍ لاکھ کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کمی نے ایل آئی سی کی سرمایہ کاری کو بھی متاثر کیا ہے۔
ایل آئی سی کی اڈانی گروپ کی تمام کمپنیوں میں اہم حصہ داری ہے۔ اس کے پاس اڈانی انٹرپرائزز میں ۴؍فیصد ، اڈانی پورٹس میں ۹؍فیصد ، اڈانی ٹوٹل میں ۵؍فیصد اڈانی ٹرانسمیشن میں ساڑھے تین فیصد ،اڈانی گرین میں دیڑھ فیصد ، اے سیسی میں ساڑھے چھ فیصد اور امبوجا سیمنٹ میں ۶؍فیصد د حصہ داری ہے۔ حصص میں گراوٹ کی وجہ سے ایل آئی سی کو ایک میں ۱۶؍ہزار ۲۲؍کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔ اڈانی گروپ کے اسٹاک میں پچھلے دو دنوں سے گراوٹ دیکھی جارہی ہے۔ ۔ جس کی وجہ سے گروپ کی کل مارکیٹ کیپ دو دنوں میں 4 لاکھ کروڑ روپے تک ڈوب گئی ہے۔ امریکی شارٹ سیلر ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد ہی اڈانی گروپ کے اسٹاک میں زبردست کمی دیکھی گئی ہے۔رپورٹ میں اسٹاک اسٹاک کی بے ضابطگیوں اور اکاؤنٹنگ فراڈ کا الزام لگایا گیا ہے۔ حالانکہ اڈانی گروپ نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور وہ شارٹ سیلر کے خلاف عدالت جانے پر غور کر رہا ہے۔