نئی دہلی
اب آپ ’یو پی آئی‘ کے ذریعے اے ٹی ایم سے سکّے نکال سکیں گے۔ آربی آئی نے آج مانیٹری پالیسی میٹنگ کے بعد سکّوںکے لیے وینڈنگ مشینیں لگانے کا اعلان کیا۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ وہ کیو آرکوڈز پر مبنی کوائن وینڈنگ مشینیں لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے لیے وہ ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں۔
آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ اس کا مقصد سکوں کی دستیابی کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریزرو بینک اسے ابتدائی مرحلے میں ملک کے 12 شہروں میں شروع کرنے جا رہا ہے۔
کیو آر کوڈ پر مبنی وینڈنگ مشینیں یوپی آئی کے ذریعے استعمال کی جائیں گی اور نوٹوں کے بجائے سکے تقسیم کریں گی۔ کوئی بھی صارف اپنی یو پی آئی ایپ کے ذریعے مشین کے اوپر کیو آرکوڈ کو اسکین کرکے ان کوائن وینڈنگ مشینوں سے سکے نکال سکے گا۔ صارف جتنے سکے نکالے گا، وہ رقم اس کے رجسٹرڈ بینک اکاؤنٹ سے کاٹی جائے گی۔