نئی دہلی :ٹاٹا اسٹیل نے پیر کو اکتوبر-دسمبر سہ ماہی کے نتائج پیش کیے ہیں۔ آج کمپنی کے نتائج کے بعد ، ۳؍ بروکریج فرموں نے اس اسٹاک پر نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھاری نقصان کے بعد یہ ۱۵۰؍ روپے فی شیئر تک جا سکتا ہے۔ کمپنی کو دسمبر کی سہ ماہی میں ۲؍ہزار ۲۲۴؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی دسمبر سہ ماہی میں کمپنی کو ۹؍ہزار ۵۷۲؍کروڑ روپے کا منافع ہوا تھا۔ اسی وقت، ستمبر کی سہ ماہی میں کمپنی کا منافع ایک ہزار ۵۱۴؍کروڑ روپے رہا۔
منافع میں تیزی سے کمی یورپی مارکیٹ میں کمپنی کے کاروبار پر نظر آنے والے دباؤ کی وجہ سے ہے۔ ہندوستان میں کاروبار منافع بخش رہا ہے اور گھریلو طبقہ میں کمپنی نے ایک ہزار ۹۱۸؍کروڑ روپے کا منافع دکھایا ہے۔ جبکہ آمدنی ۳۲؍ہزار ۳۲۵؍ کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ کمپنی نے سہ ماہی کے دوران سرمایہ خرچ پر ۳؍ہزار ۶۳۲؍ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ جبکہ کل قرض ۷۱؍ہزار ۷۰۶؍ کروڑ روپے کی سطح پر ہے۔
ہیرو موٹر کا ’بمپر ڈیوڈینڈ‘ کا اعلان
نئی دہلی : موجودہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی یعنی اکتوبر تا دسمبر کے دوران ہیرو موٹر کی آمدنی ۸؍ہزار ۳۱؍کروڑ روپے تھی۔ پچھلے سال اسی مدت میں یہ تعداد ۷؍ہزار ۸۸۳؍کروڑ روپے تھی۔
تیسری سہ ماہی میں کمپنی کا منافع توقع سے زیادہ یعنی ۷۱۱؍ کروڑ روپے تھا۔ اس کا تخمینہ ۶۶۷؍ کروڑ روپے تھا۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد ۶۸۶؍ کروڑ روپے تھی۔کمپنی نے ہولڈرز کو بھی بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔ ہیرو موٹر نے ۶۵؍ روپے فی شیئر عبوری ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔