نئی دہلی :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ہندوستان کی برآمدات رواں مالی سال میں ۳۱؍بلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) گزشتہ سال یکم مئی کو نافذ ہوا تھا۔ایک عہدیدار نے جمعہ کو بتایا کہ جواہرات اور زیورات، مشینری اور گاڑیوں جیسے شعبوں کی مضبوط مانگ کی وجہ سے موجودہ مالی سال میں برآمدات میں یہ اضافہ متوقع ہے۔سرکاری اہلکار نے کہا کہ یہ معاہدہ ہندوستان کو متحدہ عرب امارات کو اپنی برآمدات بڑھانے میں مدد دے رہا ہے۔
معلومات کے مطابق، جون ۲۰۲۲ء سے جنوری ۲۰۲۳ء کےدوران ہندوستان کی غیر تیل کی برآمدات پانچ فیصد بڑھ گئی ۔ اس عرصے کے دوران درآمدات تین فیصد اضافے کے ساتھ ۱۶؍اعشاریہ ۸؍ بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس سے پہلے ۱۷۔۲۰۱۶ء میں متحدہ عرب امارات کو ہندوستان کی برآمدات تقریباً ۳۱؍بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔
تجارتی معاہدے کے تحت رعایتی ڈیوٹی فوائد حاصل کرنے کے لیے برآمد کنندگان کو جنوری میں ۶؍ہزار ۵۷؍سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری کیے گئے ہیں۔ سرٹیفکیٹ آف اوریجن ان ممالک کو برآمدات کے لیے ایک اہم دستاویز ہے جن کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی معاہدے ہیں۔