نئی دہلی : آٹے کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے ایف سی آئی کے ذخائر سے ۲۰ لاکھ ٹن مزید گیہوں کو اوپن مارکیٹ میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوپن مارکیٹ سیل اسکیم ۲۰۲۳ء کے تحت یہ گندم ای نیلامی کے ذریعے فلور ملوں، نجی تاجروں، بڑے خریداروں، گندم کی مصنوعات تیار کرنے والوں کو فروخت کی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد حکومت نے اس اسکیم کے تحت اس سال اب تک ۵۰؍لاکھ ٹن گندم مارکیٹ میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل ۲۵؍ جنوری کو حکومت نے ۳۰؍ لاکھ ٹن گندم مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت نے منگل کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ۲۰؍ لاکھ ٹن گندم کی اضافی فروخت کے ساتھ ریزرو قیمت میں کمی سے صارفین کے لیے گندم اور گندم کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے میں اجتماعی طور پر مدد ملے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلور ملوں کو گندم کی مارکیٹ قیمت میں کمی کے مطابق آٹے اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مشورہ دیا گیا ہے۔