روسی صدر پوتن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ہزاروں معصوم افراد کی ہلاکتوں کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا، تنازعے کا بنیادی حل فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
پوتن نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی عدم استحکام کا بنیادی فائدہ اٹھانے والی امریکی حکمراں اشرافیہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتلِ عام، مشرق وسطیٰ، یوکرین، عراق اور شام کے واقعات کے پیچھے امریکی حکمراں، اشرافیہ اور ان کے ساتھی ہیں۔
روسی صدر نے کہا کہ امریکی حکمراں اشرافیہ مقدس سرزمین پر افراتفری چاہتی ہے، فلسطینیوں کی مدد ان لوگوں سے لڑکر کی جاسکتی ہے جو اس تنازعے کے پیچھے ہیں، ہم ان لوگوں سے یوکرین میں لڑ رہے ہیں۔
دریں اثنا حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کو ایک اور بڑاجھٹکا لگ گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز ریٹنگ ایجنسی نے اسرائیل کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کر دی۔ایس اینڈ پی کے مطابق لڑائی پھیلی تو اسرائیل کی کریڈٹ ریٹنگ کے ستون ہماری توقعات سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کے مطابق موجودہ لڑائی اسرائیلی معیشت پر دور رس منفی نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔