
بھنڈی بازار پروجیکٹ میں تمام لوگوں کی رہائش کے لئے سہولتیں دستیاب ہیں
سیفی برہانی ترقیاتی ٹرسٹ کے زیر اہتمام مجوزہ پروجیکٹ جسے عرف عام میں بھنڈی بازارترقیاتی پروجیکٹ بھی کہا جارہاہے کے سی ای او عباس ماسٹر نے دانشریاض سے ان امور پر گفتگو کی جو لوگوں کی پریشانی کا باعث ہیں ۔پیش ہیں گفتگو کے اہم اقتباسات
سوال: کیا سیفی برہانی ترقیاتی ٹرسٹ ایک عوامی فلاحی ادارہ ہے یا صرف بوہرہ جماعت کی ترقی مقصود ہے؟
جواب: مجھے یہ نہیں معلوم کہ یہ غلط فہمی کہاں سے پھیل گئی کہ یہ صرف بوہرہ کمیونیٹی کی فلاح و ترقی کے لئے قائم ہوا ہے دراصل یہ ایک عوامی ادارہ ہے جو پبلک چیریٹیبل ٹرسٹ کے تحت رجسٹرڈ ہے ۔البتہ اس ادارے کے تحت پہلا کام ہم بھنڈی بازار پروجیکٹ لے کر آئیں ہیں جس میں تمام لوگوں کی رہائش کے لئے سہولتیں دستیاب ہیں ،ہم نے اس جگہ کا انتخاب اسلئے کیا ہے کہ یہاں تین طرف سے سڑکیں ہیں جو پورے پروجیکٹ کو خوبصورت بنا رہی ہیں اور لوگوں کو کشادہ راستے فراہم کر رہی ہیں۔
سوال: ابتداء میں یہ بات آئی تھی کہ یہ 18ایکڑ زمین پر محیط ہوگا لیکن اسے 16.5ایکڑ پر ہی محدود کر دیا گیا ہے آخر اس کی کیا وجہ ہے؟
جواب:شروع سے ہی یہ پروجیکٹ 16.5ایکڑ کا ہے 18ایکڑ کی بات کہاں سے آئی مجھے نہیں معلوم ،ممکن ہے کہ شروع میں کسی صحافی نے تحریر کیا ہو جو بعد کے لوگوں کے لئے موضوع بحث بنا رہا۔
سوال: مذکورہ علاقہ مذہبی رسوم و رواج اور مذہبی تقریبات کی وجہ سے بھی کافی مشہور ہے ۔ بوہرہ جماعت کے ساتھ دوسرے مسلک و مشرب کے لوگ بھی یہاں بڑے تزک و احترام سے مختلف پروگرام منعقد کرتے ہیں کیا اس پروجیکٹ کے بعد وہ متاثر نہیں ہوگا؟
جواب:ہم نے بارہا یہ وضاحت کی ہے کہ یہ جگہ تمام مسلک و مشرب سے وابستہ لوگوں کے لئے ہے ۔ابتداء سے ہی ہم نے تمام مسجدوں کے ٹرسٹی حضرات اورمذہبی مقامات کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں بتایا ہے کہ ہم کیا کر نے جا رہے ہیں الحمد للہ لوگوں نے اسے پسند کیا ہے اور اس کی حمایت بھی کی ہے ۔
سوال : کچھ مسجدوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سیفی جبلی روڈ کی وجہ سے لوگوں کو مسجد میں آنے میں تکلیف ہوگی اور مسجد ویران ہوجائے گی؟
جواب: یہ بڑی ہی عجیب بات ہے کہ بھنڈی بازار میں بڑی تعداد مسلمانوں کی بستی ہے جو پابندی ء وقت کے ساتھ نماز ادا کرتی ہے ۔لہذا میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ جب سڑکیں کشادہ ہوجائیں گی ،اطراف میں درخت اور پودے لگ جائیں گے تونمازیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا اور لوگ سکون کے ساتھ نماز ادا کرنے کے لئے انہیں مقامات کا رخ کریں گے کیونکہ یہاں پارکنگ کی بہتر سہولت ہوگی۔دراصل ہمارے پروجیکٹ میں جو مسجدیں آرہی ہیں ہم انہیں بالکل بھی ہاتھ نہیں لگا رہے ہیں بلکہ اس کے اطراف ہم نے کشادہ سڑکیں رکھی ہیں اور پیڑ پودے لگائے ہیں تاکہ لوگوں کو فرحت مل سکے البتہ اگرمسجد کے ذمہ داران کہیں گے تو ہم مذکورہ مسجدوں کی تزئین کاری بھی کرنے کے لئے تیار ہیں۔
سوال: آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ فلاحی و ترقیاتی پروجیکٹ ہے لیکن اس کے کچھ حصہ کو آپ فروخت بھی کر رہے ہیںآخر ایسا کیوں؟
جواب: ہم 80فیصد حصہ لوگوں کو واپس کر رہے ہیں جبکہ 20فیصد حصہ کو ہی فروخت کر رہے ہیں ۔دراصل یہ سوچنے اور سمجھنے کا پہلو ہے ۔عموماً یہ ہوتا ہے کہ بلڈر حضرات 60فیصد حصہ تو Redevelopmentمیں لاتے ہیں باقی اپنے مصارف میں رکھتے ہیں جبکہ وہ اسی زمین پر پہلے سے زیادہ عظیم الشان عمارت کھڑی کر دیتے ہیں ۔وہاں کے sewageکا کوئی خیال نہیں رکھتے نہ ہی پارکنگ اور دیگر سہولیات دیتے ہیں لیکن ہمارے یہاں ایسا کچھ نہیں ہونے جا رہاہے۔66ہزار اسکوئر میٹر کے علاقے کی زمین کو ہم درست کررہے ہیں Sewageکیلئے Recyclingپروجیکٹ ہے ،خراب پانی کو بہتر بناکر ہم پارک اور دیگر ضروریات میں استعمال میں لانے والے ہیں۔بارش کے پانی کو فلٹر کر کے ہم استعمال میں لائیں گے تاکہ کسی کو پانی کی تکلیف نہ ہو۔ایمرجنسی بجلی کے لئے جنریٹر ہے،بچوں کو کھیلنے کے لئے پارک ہے اسی طرح کی بہت ساری ایسی سہولتیں ہیں جو کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتیں۔ہماری 9عمارتیں ہیں اور تمام عمارتوں کی علحدہ پارکنگ،بجلی و پانی کا نظام ہے۔
سوال:اس علاقے میں جو بی ایم سی کی اسکولس ہیں آخر اس کا کیا ہوگا؟
جواب:ہم اسکول بھی تعمیر کر رہے ہیں تمام اعلیٰ سہولتوں کے ساتھ تعلیم کا بہتر انتظام ہے۔ہماری کوشش یہ ہے کہ بلڈنگ تعمیر کر کے ہم حکومت کے حوالے کردیں اور اگر وہ ہماری خدمات لینا چاہیں تو پھر ہم اپنی خدمات پیش کریں۔
سوال:لوگوں کو یہ بات بھی پریشان کر رہی ہے کہ اگر بلڈنگیں جدید سہولیات سے مزین بنیں گی تو Maintenanceبھی زیادہ ہوگا آخر اس کی کیا صورت ہوگی؟
جواب: ہم نے تمام اخراجات کو اپنے قابو میں رکھا ہے ۔عمارت کی تعمیر اس طور پر ہورہی ہے کہ قدرتی ہوا کا بہاؤ بہتر ملنے والا ہے جس کی وجہ سے ایئر کنڈیشن کی ضرورت محسوس نہیں ہوگیAir Controller کی وجہ سے 3.30%گرمی خود ہی کم ہوجائے گی جس کی وجہ سے ماحول کو ٹھنڈا رکھا جاسکے گا۔سولر سسٹم کے ذریعہ پانی گرم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ الیکٹریکل انرجی کا انتظام ہے جو آپ کو گیزر رکھنے پر مجبور نہیں کرے گا۔
سوال: بھندی بازار ایک تجارتی علاقہ ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ تجارت کے لئے آتے ہیں کیا اس پروجیکٹ کی وجہ سے تجارتی مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا؟
جواب: اگر آپ اس وقت کا جائزہ لیں تو محسوس ہوگا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اب یہاں کا رخ نہیں کرتی جبکہ محض تیس چالیس برس قبل تک قونصلیٹ کی بسیں یہاں آیا کرتی تھیں۔فی الحال سڑکیں تنگ ہیں اور گندگی کا انبار ہے لیکن ہم جو کوششیں کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں تمام دکانیں سڑکوں سے ہی دکھائی دیں گی کیونکہ ہم دو منزل تک سامنے کی جانب شاپنگ سینٹر قائم کر رہے ہیں۔کوئی بھی خریدار سڑک سے ہی جائزہ لے لے گاکہ اسے کس دکان میں جانا ہے۔شاپنگ کے لئے پرائیویٹ پارکنگ کا بھی انتظام ہوگا Escalator اور Elevator کا انتظام ہوگا تاکہ بزرگ اور ضعیف حضرات کو پریشانی نہ ہو۔نمازیوں کے لئے Prayer Roomاور بچوں کے لئے Play Roomکا انتظام ہوگا تاکہ اگر والدین نماز پڑھ رہے ہوں تو بچے بہتر ماحول میں کھیل سکیں۔حوائج ضروریہ سے فراغت کے لئے بیت الخلا کا انتظام ہے جو ہمیشہ تمام لوگوں کے لئے کھلا ہوگا ۔لہذا میں یہ سمجھتا ہوں کہ ان تمام سہولیات کے بعد یہاں تجارت کے مواقع بڑھیں گے اور کثیر تعداد میں لوگ آکر بہتر ماحول میں شاپنگ کریں گے۔
ْ