
این سی پی کے تین ممبر اسمبلی بی جے پی میں شامل
کوہیما،ـ (یو این بی): ناگالینڈ میں نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے تین ممبر اسمبلی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس قدم کے ساتھ ہی ناگالینڈ اسمبلی میں بی جے پی ممبران اسمبلی کی تعداد ایک سے بڑھ کر چار ہو گئی ہے۔ ناگالینڈ کے سیاحتی پارلیمانی سکریٹری ڈاکٹر ٹی ایم لوتھا نے پیر کی رات ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ این سی پی کے تین ممبران اسمبلی نے بی جے پی میں شامل ہونے سے متعلق کاغذات اسمبلی اسپیکر کے سپرد کر دئے ہیں۔ خصوصی ذرائع کے مطابق اسمبلی اسپیکر نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ڈاکٹر لوتھا نے بتایا کہ این سی پی کے ایک دیگر ممبر اسمبلی بھی بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے اپنے حامیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور وہ جلد ہی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔
بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈروں میں ڈاکٹر لوتھا کے علاوہ ناگالینڈ ریاستی کانگریس صدر امتی لیمبا سنگتم اور سینئر لیڈر مہون لوما ککون ہیں۔ لوتھا نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے سے قبل تینوں لیڈروں نے اس سلسلے میں کافی غور و خوض کیا اور پھر ناگا طبقہ کے وسیع مفاد کے پیش نظر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ناگا طبقہ کو اس کا فائدہ دلانے کے لیے بی جے پی کے ساتھ جڑنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں این سی پی کے 90 فیصد کارکنان بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ناگالینڈ ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر چوبائو نے پارٹی میں شامل تینوں نئے ممبران اسمبلی ک استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے ناگا طبقہ کی بہتری کے لیے کام کرنے میں آسانیاں ہو سکیں گی۔