
اتر پردیش حکومت کی پالیسیوں میں اقلیتوں کو کوٹا
لکھنو ،:(یو این بی )اترپردیش حکومت ریاست کی ترقیاتی پالیسیوں میں اقلیتوں کو مخصوص کوٹا مختص کرے گی۔ ریاست کے چیف سکریٹری آلوک رنجن نے حکم دیا ہے کہ ریاست کے ترقیاتی کاموں میں اقلتوں کو واجب حق دلانے کے لئے ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائی جا رہی پالیسیوں میں آبادی کے لحاظ سے 20 فیصد کوٹا مختص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مسلم، بودھ ،عیسائی ، پارسی اور جین طبقے کے لوگوں کی ترقی کے لئے پابند ہے۔ آلو ک رنجن کا کہنا ہے کہ ریاست میں چلنے والی تمام ترقیاتی پروگراموں میں اقلیتی طبقے کو سماجی انصاف کے دائرے میں لانے کے ساتھ ساتھ ان کی جائز شراکت داری کو یقینی بنایا جائے گا ۔ آلوک رنجن کا کہنا ہے کہ مختلف پالیسیوں میں ان طبقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے حکم دیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے یہ حکم ریاست کے تمام اعلی افسران کو جاری کیا ہے۔ رنجن نے ہدایت دی ہے کہ اقلیتی طبقے کو فائدہ حاصل نہ ہونے کی صورت میں ضلع سطح پر ضلع مجسٹریٹ کی صدارت میں تشکیل کردہ کمیٹی کی سفار ش او حکومت کی منظوری حاصل کرنے کے بعد اقلتیوں کے لئے مقررہ ہدف کو دیگر طبقے کے لوگوں سے پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا عمل صحیح طریقے سے شروع کرکے پالیسی کے جائزہ کے لئے ہر مہینے کی سات تاریخ کو مطلوبہ محکمے کو جانکاری فراہم کرنی ہوگا۔