ہندوستان دنیا کے سرفہرست 20 پرتشدد ممالک میں شامل

نئی دہلی: (یو این بی): ہندوستان دنیا کے سرفہرست 20 پرتشدد ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ حیرت ہے کہ تشدد کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ملک میں پرزور کوششیں کی جاتی ہیں اس کے باوجود کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ حیرت کی بات یہ بھی ہے کہ تشدد کے واقعات نے ہمارے اقتصادی نظام کو گزشتہ سال تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ایک تحقیق میں یہ ساری باتیں سامنے آئی ہیں۔ ’گلوبل پیس انڈیکس‘ کے ذریعہ 162 ممالک کی فہرست تیار کی گئی جس میں پرامن ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس میں ہندوستان کو 143ویں مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس سال ہندوستان کی کارکردگی گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ خراب رہی اور ملک کو دو رینک کا نقصان ہوا ہے۔ آئسلینڈ اب بھی دنیا کا سب سے زیادہ پرامن ملک بنا ہوا ہے۔ دوسری طرف سیریا نے افغانستان کو پیچھے چھوڑ کر پرتشدد ممالک میں پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے۔

انٹرنیشنل تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار اکونومکس اینڈ پیس (آئی ای پی) کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کو پچھلے ایک سال میں تشدد سے نمٹنے کے لیے تقریباً 1.07 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے پڑے۔ یہ رقم ملک کی جی ڈی پی کا 3.6 فیصد ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اندرونی اور باہری دونوں سطحوں پر تشدد کے سنگین مسئلہ سے نبرد آزما ہے۔ رپورٹ کے مطابق مائوازم ہندوستان کے اندرونی تحفظ اور پڑوسی ممالک کے ساتھ کشیدہ تعلقات اس کے باہری تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔ گلوبل ٹیررزم انڈیکس میں ہندوستان کو 159 ممالک میں سے چوتھے مقام پر رکھا گیا ہے۔
آئی ای پی کے بانی اور کارگزار صدر اسٹیو کیلیلیا کے مطابق اگر ہندوستان تشدد سے جڑے ہوئے مسائل سے نمٹ لیتا ہے تو ملک کی شرح ترقی میں بہتری ہو سکتی ہے۔ اگر جنوبی ایشیا کی بات کریں تو بھوٹان کو یہاں سب سے پرامن ممالک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ اس کے بعد نیپال ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *