
عراق میں اغوا شدہ ہندوستانی شہریوں کا سراغ ملا، رہائی کی کوششیں تیز
ہندوستانی شہریوں کی رہائی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے: سشما سوراج
نئی دہلی: (یو این بی) عراق میں اغوا شدہ ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اغواشدہ 40 ہندوستانی شہریوں رہا ہو گئے ہیں اور وہ اربیل شہر میں پہنچ گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔وزیر کارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ ہم عراق میں اغوا کئے گئے 40 ہندوستانی شہریوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرانے اور ان کی بحفاظت ملک واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سشما سوراج نے کہا کہ میں خود اس معاملہ پر نظر رکھ رہی ہوں۔ نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ وزارت خارجہ عراق کی صورتحال پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور وہ بذات خود اس کی نگرانی کر رہی ہیں۔
اسی درمیان وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عراق میں اغوا شدہ ہندوستانی شہری کہا ں ہیں اس کا کچھ سراغ ملا ہے لیکن وہ کہاں ہیں یہ بتانا ابھی اچھا نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت ملک واپسی کے لئے لگاتار عراقی افسران کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ اغواشدہ افراد کو آزاد کرانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے بدھ کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ عراق کے موصل سے ہندوستان کے 40 لوگوں کو اغوا کر لیا گیا ہے لیکن انہیں آزاد کرانے کے لئے ابھی تک کوئی مانگ نہیں کی گئی ہے۔ اغوا کئے گئے بیشتر لوگ پنجاب اور شمالی ہندوستان کے باشندے ہیںاور وہاں تعمیراتی کمپنی میں کام کرتے تھے ۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ باغیوں کی تنظیم آئی ایس آئی ایل نے ان لوگوں کواغوا کیا کیا ہے۔ ہندوستان نے اغوا شدہ لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے اقوام متحدہ سمیت کئی اداروں اور عراقی حکومت سے رابطے میں ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کے خسوصی ایلچی اور عراق کے لئے سابق ہندوستانی سفیر سریش ریڈی بغداد پہنچ گئے ہیں ۔ وہ عراق میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت باہر لائے جانے کی کوششوں میں معاونت کریں گے۔ہندوستانی سفارتخانہ بھی بین الاقوامی ایجنسیوں سے رابطہ کئے ہوئے ہے تاکہ صورتحال میں سدھار آنے کے بعد وہاں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو باہر نکالنے کے کام میں تال میل کیا جا سکے۔
موصل میں جہاں 40 ہندوستانی تعمیراتی کارکنوں کو اغوا کیا گیا ہے ان سے رابطہ قائم کرنا نہایت دشوار ہے کیوں کہ اس علاقے پر آئی ایس آئی ایل کے عسکریت پسندوں کا قبضہ ہے۔ دوسری جانب عراق میں ہندوستانی شہریوں کے اغوا سے پنجاب میں ان کے اہل خانہ میں بے چینی اور گھبراہٹ کی کیفیت ہے۔ عراق میں پھنسے ہوئے ریاست کے 13 افراد کے ارکان خاندان وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے جو ٹیلی فون ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں اسے پریشانی سے متاثرہ والدین کی طرف سے لگاتار کال موصول ہو رہی ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے قائم ہیلپ لائن نمبر اس طرح ہیں۔ 0172 2740397 اور 2740035 ، جب کہ فیکس نمبر ہے: 0172 2740936۔ادھرتکریت میں سرکاری اسپتال میں پھنسی ہوئی 46 ہندوستانی نرسیں محفوظ ہیں ۔ ان میں سے بیشتر کا تعلق کیرالہ سے ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی کی قیادت والی برسراقتدار حکومت کو اس معاملے میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر راج ببر نے کہا کہ حکومت کو جس طرح کی کوشش کرنی چاہئے تھی ، نہیں کی گئی اور عراق میں رہ رہے 18 ہزار ہندوستانی شہریوں کے لئے وقت پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ دوسری جانب این سی پی لیڈر طارق انور نے بھی اس معاملہ میں نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔