
مدھیہ پردیش کے تعلیم گھوٹالہ میں 100 سے زائد زیر حراست
بھوپال: (یو این بی): مدھیہ پردیش کے پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ گھوٹالہ معاملہ میں آج ایس ٹی ایف (اسپیشل ٹاسک فورس) نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ اس چھاپہ ماری کے دوران ایس ٹی ایف نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے طلبا، سرپرستوں اور دلالو ں سمیت 100 سے بھی زائد لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دراصل مدھیہ پردیش میں تعلیم گھوٹالہ کا معاملہ خبروں میں ہے اور اسی لیے ایس ٹی ایف نے ریاست کے اہم مقامات پر اچانک چھاپہ مارنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران ایس ٹی ایف کی ٹیم نے اندور، اجین، بدوانی، رتلام سمیت کئی اہم علاقوں میں چھاپہ ماری کی۔ حراست میں لیے گئے لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر لکشمی کانت شرما کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان پر اساتذہ کی تقرری میں کروڑوں کے گھوٹالے کا الزام ہے۔ ایس ٹی ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار دلالوں سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور امید ہے کہ ان سے مزید کچھ ایسے سراغ مل سکتے ہیں جہاں تعلیم گھوٹالے کا کاروبار چل رہا ہے۔