
ہندوستانی نژاد سا ئنس داں ڈاکٹر سنجے راجا رام کو فوڈ پرائز

واشنگٹن: (یو این بی ) امریکہ میں ہندوستانی نژاد سائنس داں ڈاکٹر سنجے راجا رام کوسال 2014 کے لئے عالمی فوڈ پرائز سے نوازا جائے گا ۔ راجا رام کو یہ اعزاز گیہوں کی فصل میں بہتری لانے کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دیا جا رہا ہے۔ راجا رام میکسیکو میں مقیم ہیں۔ سبز انقلاب کے بعد دنیا میں 20 کروڑ ٹن سے زیادہ گہیوں پیدا کرنے کا کریڈٹ راجا رام کو جاتا ہے جس کے ذریعہ فاقہ کشی دور کرنے میں مدد ملی۔ عالمی فوڈ پرائیز فائونڈیشن کے صدر کینیتھ ایم کوین نے امریکی وزارت داخلہ میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران 250000 ڈالر کے انعام کا اعلان کیا۔ عالمی فوڈ پرائز کا آغاز1986 میں ڈاکٹر نارمن ای بلاگ نے کیا تھا۔ انہوں نے دنیا میں فاقہ کشی دور کرنے کی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والے لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کے مقصد سے اس پرائز کا آغاز کیا تھا۔ یہ اعزاز کھانے کی اشیا ، اس میں بہتری اور ذخیرے کے ذریعہ عوام کی مدد کرنے والے لوگوں کو دیا جاتا ہے۔ سنجے راجارام کو یہ اعزازاکتوبر میں ڈیس موئینس کے آئیو اسٹیٹ کیپینل میں ایک پروگرام کے دوران دیا جائے گا ۔ راجارام کے ذریعہ تیار کئے گئے زیادہ پیدوار والے 480 قسم کے گیہوں کو 51 ملکوں میں اپنایا گیا ہے۔ ان ملکوں میں چھوٹے اور بڑے کسان گیہوں کی پیداوار کر رہے ہیں۔