مودی ماڈل سے نوجوانوں کو 10 لاکھ ملازمتوں کا تحفہ!

نئی دہلی:(یو این بی): مودی حکومت میں بہت جلد نوجوانوں کے لیے اچھے دن آنے والے ہیں۔ گجرات میں ’مودی ماڈل‘ کے تحت نوجوانوں کے لیے 10 لاکھ ملازمتوں کا تحفہ دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ایک افسر کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے اہم منصوبہ گجرات انٹرنیشنل فائنانس ٹی سٹی گفٹ کے تحت سال 2022 تک دس لاکھ ملازمت دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ گجرات حکومت کے ذریعہ شروع کی جا رہی گفٹ سٹی میں مالی سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی۔ گفٹ سٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او رماکانت جھا نے بتایا کہ یہ پروجیکٹ وزیر اعظم نریندر مودی کا پروجیکٹ ہے، جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے تب وہ خود اس پروجیکٹ کی مانیٹرنگ کر رہے تھے۔ لیکن اب نئی وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل اس منصوبہ پر خاص توجہ دے رہی ہیں۔ جھا نے بتایا کہ 886 ایکڑ زمین پر تعمیر ہو رہے اس پروجیکٹ کا خرچ 65 ہزار کروڑ روپے ہے۔ گجرات حکومت کے ذریعہ تیار کیا جا رہا یہ منصوبہ 2022 تک پورا ہونے کا امکان ہے۔ جھا کا کہنا ہے کہ گفٹ سٹی میں سبھی شہری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ یہ سڑک، میٹر اور بی آر ٹی ایس سہولیات سے جڑا ہوا ہوگا۔ جھا کے مطابق کئی بین الاقوامی کمپنیاں اور بینک کے دفاتر گفٹ سٹی میں ابھی سے کھل چکے ہیں۔ گجرات حکومت اس پروجیکٹ کو گجرات اربن ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور انفراسٹرکچر لیزنگ اینڈ فائنانشیل سروسز لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *