
مکان مالک سے کیجریوال سیاست کا سبق سیکھیںگے
نئی دہلی: ( یو این بی ) دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کرایے کے نئے مکان میں منتقل ہو گئے ہیں۔ ان کا مکان مالک بھی کوئی اور نہیں بلکہ کانگریس پارٹی چھوڑ کر ’عآ پ ‘کا دامن تھامنے والے نرین بھیکو رام جین ہیں۔ نرین جین نے بھی اپنے ہائی پروفائل کرایے دار کی کونسلنگ شروع کر دی ہے۔ موقع ملتے ہی انہوں نے کیجریوال کو دہلی کے کاروباری مسئلوں سے لیکر کمپنی کے قوانین اور جی ایس ٹی پر صلاح و مشورہ دینا شروع کر دیا ہے۔ نرین کے مطابق دہلی کے سابق وزیراعلی اروند کیجریوال صلاح و مشوروں میں خوب دلچسپی لے رہے ہیں۔ چاندنی چوک سے کانگریس پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ بھیکو رام جین کے بیٹے اور فیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس اسو سی ایشن کے صدر نرین جین کا دہلی کی سیاست سے خاصا لگاؤ ہے۔ حال ہی میں کانگریس چھوڑ کر عام آدمی پارٹی کا دامن تھامنے والے نرین کا کہنا ہے کہ اگر کیجریوال کو صحیح اور تجربہ کار لوگوں کا ساتھ ملا ہوتا تو وہ سیاسی آسمان میں چمک رہے ہو تے ۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور اب میں ہر وہ کام کروں گا جو کیجریوال کو اونچائیوں تک لے جائے۔فیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کے لیڈر اسے نرین کی بڑی ڈیل قرار دے رہے ہیں۔ ایک بڑے ٹریڈر کا کہنا ہے کہ یہ سودہ دونوں کے لئے مفید ثابت ہوگا ۔ اروند کیجریوال کو کاروباری سیاست کو سمجھنے کے لئے قریبی صلاح کار مل گیا ہے۔ جب کہ کانگریس میں ہاشئے پر رہنے والے نرین جین کے لئے اپنے تجربے کا استعمال کرنے کا موقع مل گیا ہے۔