
کانگریس ہریانہ اور مہاراشٹر کے وزراء اعلیٰ تبدیل نہیں کرے گی: ذرائع
نئی دہلیـ ( یو این بی) لوک سبھا انتخابات میں زبردست شکست کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے کانگریس کی حکومت والی تین ریاستوں کے وزراء اعلیٰ تبدیل کئے جانے کی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں لیکن اب ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ بھوپیدر سنگھ ہڈا کو تبدیل نہیں کیا جائے گا ۔اس سے پہلے قیاس کیا جا رہاتھا کہ کانگریس مہاراشٹر اور ہریانہ کے علاوہ آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوی کو بھی تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ لیکن اب پرتھوی راج چوہان اور ہڈا کو کانگریس نے فی الحال تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ریاستوں میں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ انتخابات سے پہلے کانگریس پارٹی دونوں ریاستوں کے وزراء اعلیٰ کو تبدیل نہیں کرنا چاہتی ہے۔ تاہم آسام کے وزیر اعلیٰ کے سلسلے میں ابھی تک آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ مہاراشٹر اور ہریانہ دونوں ریاستوں میں کانگریس کو اپنے ان دونوں قد آور لیڈروں کا متبادل نہیں ملا جس کی وجہ سے ان کی کرسی بچ گئی۔ دونوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھی بہت کم وقت بچا ہے اور دونوں وزرائے اعلی کی کرسی بچنے کا ایک بڑا سبب یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ عین انتخابات سے پہلے کانگریس پارٹی دونوں بڑے لیڈروں کو تبدیل کرکے کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی ہے۔ آسام کے وزیراعلیٰ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ ریاست میں کانگریس کے لیڈر بھی کر رہے ہیں۔ ان لیڈروں کا کہنا ہے کہ ترون گوگوئی کی وجہ سے کانگریس کو شکست کا سامنا کرناپڑا۔ ریاست میں کانگریس لیڈوں کا ایک گروپ اس معاملے کو لیکر ترون گوگوئی سے ملاقات بھی کر چکا ہے۔