بیجنگ:(یو این بی): ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا ہے کہ ہندوستان اور چین کو پرامن انداز میں ’پنچ شیل‘ کے اصولوں پر کاربند ہوتے ہوئے سبھی تفریقوں کو ختم کرنا ہوگا اور اتحاد کی بنیاد پر رشتوں کی تعمیر پر عمل کرنا ہوگا۔ حامد انصاری آج یہاں پنچ شیل کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر منعقد میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ ہمارے دو فریقی تعلقات میں ہمارے مشترکہ مفاد کا وزن موجود تفریق سے کہیں زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں اتحاد کی بنیاد پر رشتوں کی تعمیر اور تفریق کو دور کرنا ہوگا۔ پنچ شیل معاہدہ سے فائدہ حاصل کرنے اور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مثبت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے اور قائم کردہ اصولوں کے صحیح استعمال کی بھی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ اس میٹنگ میں چین کے صدر شی چنفنگ اور ان کے میاماں کے ہم منصب تھین سین بھی شامل ہوئے۔
اس موقع پر حامد انصاری نے مزید کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر قدم بڑھانے کی ضرورت ہے اور ایک نیا خاکہ بھی تیار کرنا ہوگا کیونکہ ہماری تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ ہماری کوشش ایک ایسے خاکہ کو تیارکرنے کی ہونی چاہیے جس میں ہمارے سماج کی بہتری کے لیے موقع اور چیلنج ایک ساتھ موجود ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس کوشش میں پنچ شیل ہمارے درمیان بہتر توازن قائم کرنے، صحیح سمت اختیار کرنے، ترقی کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور ملک سے باہر کے خطرات سے زیادہ بااثر انداز سے مقابلہ کرنے میں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اپنے خطاب میں مسٹر انصاری نے کہا کہ قدیم تہذیبیں اور پڑوسی ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان اور چین مشترکہ منصوبہ ساز بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تاریخی طور پر بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جنھوں نے ہمیں ایک دھاگے میں باندھا ہے۔