
ریل بجٹ میں شمسی توانائی کو توجہ دیے جانے کا امکان
نئی دہلی: (یو این بی): توانائی کے روایتی ذرائع پر انحصار کم کرنے کے لیے ریلوے نے بڑے پیمانے پر شمسی توانائی کا استعمال کرنے کا ذہن بنا رہی ہے۔ خصوصی ذرائع کے مطابق اس کو آئندہ ریل بجٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ وزیر ریل سدانند گوڑا پارلیمنٹ میں 8 جولائی کو اپنا پہلا ریل بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں جس میں وہ شمسی توانائی پیداوار کے لیے ’فوٹو وولنٹک سیل‘ پر مبنی سولر گرڈ قائم کرنے سے متعلق خاکہ منظر عام پر لا سکتے ہیں۔ وزارت ریل کے ایک سینئر افسر نے اس سلسلے میں کہا کہ ریلوے میں غیر روایتی توانائی کو فروغ دینا نریندر مودی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے اور اس کا اثر نئی این ڈی اے حکومت کے پہلے ریل بجٹ میں ضرور دیکھنے کو ملے گا۔ شمسی توانائی منصوبوں کو فروغ دینے کے علاوہ ریل بجٹ میں ایل این جی اور اتھانول پر مبنی ڈیزل انجن سے متعلق منصوبے کا خاکہ بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ اس میں ریل کے لیے متبادل ایندھن تیار کرنے پر دھیان دیا جا رہا ہے۔ منصوبہ کے مطابق ملک بھر میں ریلوے پلیٹ فارم کی چھت، عمارت، کالونی، ورکشاپ اور بنجر زمین کا استعمال شمسی توانائی پیدا کرنے کے لیے کیا جائے گا۔