
شیواجی نگر کی جنتا مارکٹ منہدم ہوگی!
خستہ حالی کے سبب بلدیہ عظمیٰ نے نوٹس جاری کی، کمپلیکس بنا کردکانداروں کو جگہ لوٹانے کا وعدہ
ناندیڑ، یکم جولائی (یو این بی): شیواجی نگر کے جنتامارکٹ کی عمارت نہایت بو سیدہ ہوچکی ہے ۔اور اب اس عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ میونسپل انتظامیہ نے کرلیا ہے ۔ عمارت میں رہ رہے دکان مالکان کو جلد سے جلد اپنی دکانیں اور دفاتر خالی کرنے کی نوٹیسں جاری کی گئی ہیں ۔ بوسیدہ عمارت کو منہدم کرکے اس کی جگہ ایک وسیع و عریض کمرشیل کامپلیکس بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔اور نئے کامپلکس میں موجودہ کرائے داروں کو جگہ دینے کی بھی یقین دہائی کی گئی ہے ۔کامپلکس کے انہدام کوروکنے کیلئے دکانداروں نے کئی مرتبہ میونسپل انتظامیہ سے نمائندگی کی ۔میونسپل انتظامیہ نے کامپلکس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اورنگ آباد انجینئر نگ کالج کے ماہرین کی ایک ٹیم کو ناندیڑ طلب کیا تھا ۔مذکورہ ٹیم نے اپنی جانچ رپورٹ میں جنتا مارکٹ کی عمار ت کو نہایت خستہ بتاتے ہوئے جلد سے جلد اسے منہدم کرنے کا مشورہ دیا ۔ جانچ کمیٹی کی پورٹ کی بنیاد پر کارپوریشن انتظامیہ نے اس عمارت کی انہدامی کارائی میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ دکاندار ان دکانوں کو خالی کرتے ہیں یا نہیں ۔