یہ اکیسویں صدی کا ریل بجٹ ہے جس میں تحفظ اور شفافیت پر خصوصی توجہ ہے: مودی

نئی دہلی، 8 جولائی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ریل بجٹ پر اپنا نظریہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’منگل کو پارلیمنٹ میں پیش ریل بجٹ میں تحفظ، شفافیت اور ایمانداری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ریلوے بجٹ ہندوستان کی ترقی کو ذہن میں رکھتا ہے۔ یہ ریلوے بجٹ مستقبل ساز، ترقی پر مبنی اور عام آدمی کے لیے ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق ریل بجٹ میں بہتر خدمات، رفتار اور تحفظ کو دھیان میں رکھا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ریل بجٹ نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت کو پیش کرتا ہے۔ یہ بجٹ ریلوے کو جدید بنانے والا اور شفافیت کو فروغ دینے والا ہے۔ اس میں نئے نظریات کا اجماع بھی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آزادی کے بعد سے ریلوے پر توجہ نہیں دی گئی جب کہ ملک کی ترقی میں ریلوے کا کردار ناقابل بیان ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اکیسویں صدی کا بجٹ ہے۔ اس بجٹ میں جو پہل کی گئی ہے اس سے ترقی کا الگ خاکہ سامنے آئے گا۔ ہم نے بہت کم وقت میں زیادہ کام کیا ہے اور پہلی بار ریلوے کے لیے ترقی والا بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریل کے ذریعہ سے ملک کو اونچائیوں پر پہنچانے کا ہمارا جو مقصد ہے، وہ اس بجٹ سے پورا ہو سکتا ہے۔ اس میں ترقی کے ساتھ توسیع پر بھی دھیان دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *