بہار کےوزیر مالیات کا ناتی اغواکاروں کی گرفت سے آزاد

سپول، 10 جولائی (یو این بی): بہار کے وزیر مالیات وجندر پرساد یادو کا 12 سالہ ناتی منیش کمار عرف گڈو بدھ کی رات اغواکاروں کی گرفت سے آزاد ہو گیا۔ پولس کو وہ مدھے پورہ ضلع کے کٹہروا گائوں میں ملا۔ اس معاملے میں اب تک کسی کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چار لوگوں نے منیش کو اسکول جاتے وقت جبراً بولیرو میں بٹھا لیا تھا اور پھر اسے ایک کمرے میں بند کر کے رکھا گیا تھا۔ اغواکاروں نے اس کی آنکھ پر پٹی باندھ دی تھی۔ وہ منیش کو بدھ کو مرلی گنج اسٹیشن پر ریل گاڑی میں بٹھا کر کہیں لے جا رہے تھے، لیکن سفر کے دوران بیت الخلاء جانے کے وقت وہ بدھوا ریلوے اسٹیشن پر اتر گیا اور ریل گاڑی چل پڑی۔ اس کے بعد بھٹکتے ہوئے منیش کٹہروا گائوں پہنچ گیا۔ حالانکہ مدھے پورہ کے پولس سپرنٹنڈنٹ آنند کمار نے جمعرات کو بتایا کہ پولس کی سختی کے سبب اغواکاروں نے منیش کو چھوڑ دیا تھا۔ بھٹکتے ہوئے وہ کٹہروا گائوں پہنچا جہاں گائوں والوں کی اطلاع کے بعد پولس منیش سے ملاقات کے لیے پہنچی۔ منیش پوری طرح سے ٹھیک ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سپول ضلع کے پپرا کے بیلوکھرا باشندہ پرمیشوری پرساد یادو کا بیٹا منیش پرسا کے ایم این پبلک اسکول میں ساتویں کا طالب علم ہے۔ وہ یکم جولائی کو سائیکل سے اپنے چھوٹے بھائی راج کمار کے ساتھ اسکول کے لیے نکلا تھا۔ راستے میں بارش ہونے کے سبب منیش نے چھوٹے بھائی کو سائیکل لے کر چکلا گائوں سے واپس گھر بھیج دیا۔ اس کے بعد منیش کا کوئی پتہ نہیں چل پا رہا تھا۔ سپول کے ایک کالج پرنسپل اور وزیر کے داماد پرمیشوری پرساد یادو اور ان کے اہل خانہ نے منیش کی کافی تلاش کی لیکن اس کا کہیں سراغ نہیں ملا۔ اس کے بعد منیش کے اہل خانہ نے کشن پور تھانہ میں چار جولائی کو اغوا کا معاملہ درج کرایا۔ سپول کے پولس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار پوریکا کی قیادت میں پولس منیش کی تلاش میں لگاتار چھاپہ ماری کر رہی تھی۔ بہر حال کل رات منیش کی تلاش کٹہروا گائوں میں ختم ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *