
’دہلی مینگو فیسٹیول‘ میں آم کی 500 قسمیں موجود
نئی دہلی، 12 جولائی (یو این بی): دہلی ہاٹ میں لگے ’دہلی مینگو فیسٹیول‘ میں شوقین حضرات خوب تفریح کر رہے ہیں اور اپنے پسندیدہ آموں کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ 26ویں دہلی مینگو فیسٹیول کا آغاز جمعہ کے روز ہوا تھا جس کا افتتاح دہلی حکومت کے چیف سکریٹری ایس کے شریواستو نے کیا۔ اس موقع پر دہلی حکومت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیسے ہندوستان کی گرمیاں بغیر آم کے ادھوری ہیں ویسے ہی دہلی کی گرمیاں بغیر مینگو فیسٹیول کے ادھوری ہیں۔
دہلی مینگو فیسٹیول میں اس مرتبہ تقریباً 500 اقسام کے آم موجود ہیں اور چونکہ آج ہی اس فیسٹیول کو اختتام پذیر ہونا ہے اس لیے لوگ کثیر تعداد میں یہاں پہنچے۔ سبھی اپنی اپنی پسند کے آموں کا ذائقہ لیتے ہوئے نظر آئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئی شخص اس میلے کا ایک چکر لگا لے تو ہندوستان میں پائی جانے والی تقریباً سبھی آم کے اقسام کا دیدار کر لے۔ اس میلے میں ایسے آم بھی موجود ہیں جو ماہرین کی کوششوں کے بعد منظر وجود پر آئی ہیں اور کامیابی کے ساتھ پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز افتتاحی تقریب کے بعد آموں کی جن اقسام کی خصوصی طور پر نمائش کی گئی ان میں دسہری، لنگڑا، چوسا، رٹول، حسن آرا، رانکیلا، الفانسو، کیسر، سفیدا، فضلی، توتا پری، ونراج وغیرہ شامل تھے۔ چونکہ آج میلے کا آخری دن ہے اس لیے کافی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ واضح رہے کہ پوری دنیا میں 1365 آم کے اقسام موجود ہیں جن میں ہندوستان میں تقریباً 1000 اقسام کی پیداوار ہوتی ہے۔ یعنی دہلی مینگو فیسٹیول میں ہندوستان میں پیدا ہونے والی نصف اقسام کی نمائش کی گئی ہے۔