نئی دہلی، 13 جولائی (یو این بی): خشک سالی کی پہلی مار ٹماٹر پر پڑتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ خبریں موصول ہوئی ہیں کہ دہلی میں ٹماٹر کی قیمت 50 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔ یعنی اب مہنگائی سے پریشان عوام کو پیاز اور آلو کے بعد ٹماٹر بھی مہنگا خریدنا پڑ رہا ہے۔ جہاں ایک مہینے قبل ٹماٹر 8 روپے سے 10 روپے کلو فروخت ہو رہا تھا وہیں آج اس کی قیمت میں تقریباً پانچ گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں خوردہ بازار میں اس وقت ٹماٹر کی قیمت 50 روپے فی کلو گرام بتائی جا رہی ہے۔ مقامی خوردہ سبزی بیچنے والوں کے علاوہ مدر ڈیری کی ’سفل‘ دکانوں پر بھی اس وقت ٹماٹر 50 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
آزاد پور منڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ تھوک بازار میں ٹماٹر کی قیمت بڑھ کر 20 سے 25 روپے کلو ہو گئے ہیں۔ اس مہینے کے آغاز میں تھوک منڈی میں ٹماٹر 10 روپے کلو فروخت ہو رہے تھے۔ دہلی کی آزاد پور منڈی میں ٹماٹر تاجر یونین کے جنرل سکریٹری سبھاش چگ نے بتایا کہ ملک میں کمزور مانسون کی وجہ سے ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔