
ڈیزل عطیہ میں بے ضابطگی کو لے کر بہار اسمبلی میں بی جے پی کا ہنگامہ
پٹنہ، 15 جولائی (یو این بی): ریاستی حکومت ڈیزل عطیہ معاملہ پر ایوان میں خصوصی بحث کرانے کے لیے تیار ہے۔ انچارج وزیر وجے کمار سنگھ نے آج اسمبلی میں اس بات کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ایوان میں بی جے پی اراکین نے ڈیزل عطیہ میں زبردست بے ضابطگی کے معاملے پر وقفہ صفر کے دوران ہنگامہ آرائی کی۔ وقفہ صفر کے دوران اٹھے اس معاملے پر بی جے پی اراکین نے کہا ’’ڈیزل عطیہ میں ہوئی بے ضابطگی کے سبب کسانوں کو ڈیزل عطیہ کا رقم نہیں ملا ہے۔‘‘ اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے بی جے پی اراکین ویل میں آ گئے۔ ان کا ہنگامہ اس وقت تک جاری رہا جب تک کہ اسپیکر کے ذریعہ پہلے وقفہ کے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان نہیں کر دیا گیا۔
وقفہ صفر کے دوران بی جے پی کے ایک رکن جن کی اطلاع کو آر جے ڈی کے دنیش کمار سنگھ کی اطلاع کے یکساں مان کر نشست نے دوسرے رکن وریندر کمار کا نام پکارا۔ مخالف پارٹی کے لیڈر نند کشور یادو نے اس پر مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں خشک سالی کا عالم ہے۔ ابھی تک حکومت کی ڈیزل پالیسی واضح نہیں کی گئی ہے۔ خشک سالی کے عالم میں ڈیزل عطیہ میں ہوئی بے ضابطگی کے معاملے کو ٹالا نہیں جا سکتا۔ اس پر بحث ایوان میں کرائی جائے جس میں سبھی اراکین شامل ہوں۔ ڈیزل عطیہ میں گڑبڑی ہوتی ہے تو حکومت کو اس کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ حکومت اس معاملے پر خاموش ہے۔ حکومت کی بات رکھتے ہوئے آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری نے کہا کہ ڈیزل عطیہ کے معاملے کی جانکاری حکومت، نشست اور حزب مخالف لیڈر کے پاس ہے۔ یہ سوال سوموار کو ایڈوائزری کمیٹی کے زیر غور آیا تھا۔ اس میں یہ فیصلہ لیا گیا تھا کہ اسے کچھ دن اور دیکھ لیا جائے۔