نئی دہلی، 16 جولائی (یو این بی): حکومت نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کے گوداموں سے گیہوں کھلے بازار میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت نے مہنگائی کے پیش نظر قیمتوں پر قابو حاصل کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ مہینے ان ریاستوں میں خط افلاس سے نیچے اور خط افلاس سے اوپر کے کنبہ کو راشن کی دکان سے متعین قیمت پر اجناس مہیا کرانے کے لیے مرکز نے 50 لاکھ ٹن گیہوں جاری کرنے کا فیصلہ لیا تھا جہاں ابھی فوڈ سیکورٹی قانون نافذ نہیں ہے۔
فوڈ سکریٹری سدھیر کمار نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کیا ہے کہ حکومت مرکزی پول سے کھلے بازار میں فروخت کے لیے گیہوں کی پیشکش کرے گی۔ کھلے بازار میں گیہوں جاری کرنے کے منصوبہ کے تحت ’بفر اسٹاک‘ سے اوپر پڑے اسٹاک سے مال نکالا جاتا ہے۔ اس کی فروخت رولر آٹا ملوں جیسے تھوک خریداروں کو کی جاتی ہے۔ اس سے ایف سی آئی کے پاس نیا اسٹاک رکھنے کے لیے جگہ بھی بنتی ہے۔ گزشتہ مالی سال میں پنجاب اور ہریانہ کے سرکاری گوداموں سے تھوک گاہکوں کو ٹنڈر کے ذریعہ فروخت کے لیے 95 لاکھ ٹن گیہوں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ پانچ لاکھ ٹن گیہوں ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام صوبوں اور پرائیویٹ اداروں کو خوردہ فروخت کے لیے تقسیم کیا گیا تھا۔ اس کے لیے قیمت 1,500 روپے فی کوئنٹل متعین تھی۔ اس ماہ کے آغاز میں ایف سی آئی کے پاس 3.98 کروڑ ٹن گیہوں کا اسٹاک تھا جب کہ بفر قوانین کے تحت اُس وقت 2.01 کروڑ ٹن کا اسٹاک مناسب تھا۔