
ہندوستان نے سوئس بینک سے 700 غیر قانونی اکائونٹ ہولڈروں کی فہرست حاصل کی: جیٹلی
نئی دہلی، 18 جولائی (یو این بی): مرکزی حکومت نے جمعہ کو کہا ہے کہ ہم نے کالے دھن کے متعلق جو ثبوت اکٹھے کیے ہیں اس کی بنیاد پر سوئس بینک سے غیر قانونی اکائونٹ ہولڈروں کی فہرست حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر مالیات نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان سوئس افسران کے رابطہ میں ہے اور ہم ایک سمجھوتے پر دستخط کریں گے جو ملک کے مفاد میں اور ان کے قوانین کے دائرے میں ہوگا۔ وزیر مالیات نے ایوان میں بتایا کہ ہندوستان نے غیر قانونی اکائونٹ کی جانکاری دیے جانے کے سلسلے میں سوئس افسران کو لکھے جانے کے بعد انھوں نے ہمارے سامنے کچھ قانونی مدعے اٹھائے ہیں۔ ہم سوئس افسران کے ساتھ بات چیت کے عمل میں ہیں اور ان کے قانونی پیمانوں کے اندر، جو بھی بہتر سمجھوتا ہوتا، ہم کریں گے۔
جیٹلی نے کہا کہ غیر قانونی اکائونٹ ہولڈروں کے بارے میں ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان اطلاعات کے لین دین کے سلسلے میں کیا جانے والا معاہدہ مستقبل کو توجہ میں رکھ کر کیا جائے گا۔ انھوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ دوستی کے باوجود پتہ نہیں یہ یوروپی ملک سابقہ میں تعاون کیوں نہیں کر رہا تھا۔ انھوں نے کہا، لیکن ہم اطلاعات حاصل کرنے کے لیے سبھی طریقے اختیار کر رہے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان نے سوئس بینک سے 700 غیر قانونی اکائونٹ ہولڈروں کی فہرست حاصل کی ہے، لیکن فرنچ حکومت کے سابقہ شرائط کے مطابق ان کے نام ہم منظر عام پر نہیں لا سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے لکٹنسٹین بینک سے بھی اسی طرح کی فہرست حاصل کی تھی، جس میں ہندوستانیوں کی شناخت کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ جن کی شناخت کی گئی ہے ان کے خلاف انکم ٹیکس اور مجرمانہ کارروائی شروع کی گئی ہے۔