نئی دہلی، 20 جولائی (یو این بی): تاریخی راشٹر پتی بھون کے احاطہ میں بطور وزیر اعظم نریندر مودی کی عظیم الشان حلف برداری تقریب میں 17.60 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ اس میں ملک و بیرون ملک کے 4,017 مہمان شامل ہوئے تھے۔ حق اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کے تحت سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (سی پی ڈبلیو ڈی) کے صدر پراپرٹی بورڈ سے حاصل اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں ٹینٹ، اسٹیج، فرنیچر اور دیگر سامانوں پر خرچ 17.60 لاکھ روپے آیا۔ صدر سکریٹریٹ نے حالانکہ اس سلسلے میں داخل آر ٹی آئی کے جواب میں خرچ کی جانکاری دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ سلسلہ وار ڈھنگ سے خرچ کی تفصیلات نہیں رکھتا ہے، اس لیے اطلاعات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں۔
صدر سکریٹری کے چیف پبلک انفارمیشن افسر سوربھ وجے نے آر ٹی آئی کے جواب میں کہا کہ ریکارڈ کے مطابق 26 مئی 2014 کو وزیر اعظم (نریندر مودی) کی حلف برداری تقریب میں 4,017 مہمانوں نے حصہ لیا۔ حق اطلاعات قانون کے تحت ہسار واقع آر ٹی آئی کارکن رمیش ورما نے نریندر مودی کی وزیر اعظم عہدہ کی حلف برداری تقریب میں ہوئے خرچ اور اس میں شامل مہمانوں کی مکمل تفصیلات طلب کی تھی۔ واضح رہے نریندر مودی نے راشٹر پتی بھون کے احاطہ میں وزیر اعظم عہدہ کی حلف برداری کی تھی۔ اٹل بہاری واجپئی اور چندر شیکھر کے بعد مودی راشٹر پتی بھون کے احاطہ میں حلف برداری کرنے والے تیسرے وزیر اعظم بنے۔ حلف برداری میں پڑوسی ممالک کے اعلیٰ لیڈران، ملک کے سابق صدر، وزیر اعظم، فلمی ہستیاں، کارپوریٹ گھرانوں کے سربراہان اور مذہبی لیڈران بھی شامل ہوئے تھے۔