
رسوئی گیس اور کیروسین کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا: دھرمیندر پردھان
پٹنہ، 21 جولائی (یو این بی): مرکزی وزیر برائے پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ رسوئی گیس اور کیروسین کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ قیمت میں اضافہ سے عوام کے متاثر ہونے کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ پردھان نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ان کی حکومت نے رسوئی گیس اور کیروسین کی قیمت نہیں بڑھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس سے متوسط طبقہ کے لوگوں اور جو لوگ کیروسین استعمال کرتے ہیں، انھیں فائدہ پہنچے گا۔
بی جے پی کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ کے آخری دن اس میں حصہ لینے پٹنہ پہنچے پردھان نے یہ بھی کہا کہ پٹرول کی قیمت ’مارکیٹ پرائس‘ کے مطابق طے ہوتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کا ’مارکیٹ پرائس‘ سے براہ راست تعلق ہے اور وہ اس کے مطابق مقرر ہوگا۔ انھوں نے اس دوران یہ بھی واضح کیا کہ عراق مسئلہ کے سبب پٹرول کی قیمت میں ہندوستان میں بھی کچھ اضافہ ہوا ہے۔ مستقبل میں تیل کی قیمتوں پر کوئی جھٹکا نہیں لگنے دینے کے تئیں پرعزم مرکزی وزیر پردھان نے اس دوران یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں روپے کی حالت بہتر ہوئی ہے جو کے اچھے اشارے ہیں۔